سپیکر قومی اسمبلی کی معروف مصور جمی انجینئر کو ہلالِ امتیاز کے لیے نامزد ہونے پر مبارکباد

0
57

اسلام آباد (این این آئی)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے معروف آرٹسٹ اور سماجی کارکن جمی انجینئر کو حکومت پاکستان کی جانب سے ہلالِ امتیاز کے لیے نامزد ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ بدھ کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق سپیکر نے کہا کہ ہلالِ امتیاز کے لیے نامزدگی جمی انجینئر کی فائن آرٹس کے شعبے میں انتھک محنت اور بے مثال خدمات کی عکاسی ہے۔جمی انجینئر کی مصوری کے شعبے میں بے مثال کام کو سراہتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ ان کا کام کینوس سے آگے بڑھ کر معاشرے کے نادار اور پسماندہ طبقات کی زندگیوں کو چھوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معذور اور بے سہارا افراد کے لیے 260 سے زائد آگاہی پروگراموں کے انعقاد میں ان کی کاوشوں نے ان افراد کے مسائل کو قومی سطح پر اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ فائن آرٹس کے شعبے میں جمی انجینئر نے بے مثال کامیابیاں حاصل کی ہیں؛ ان کی ہزاروں پینٹنگز، ڈرائنگز، اور خطاطی کے نمونے 100 سے زائد نمائشوں میں پاکستان اور بیرون ملک پیش کیے جا چکے ہیں۔ ان کے کام کو دنیا بھر میں آرٹ کے شائقین کی طرف سے انتہائی پذیرائی ملی ہے، جو ان کی تخلیقی صلاحیتوں اور فن کے لیے ان کے عزم کا عکاس ہے۔ سپیکر نے ایسی غیر معمولی صلاحیتوں کی مالک شخصیات کی حوصلہ افزائی کرنے اور ان کی خدمات کا اعتراف کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ سپیکر نے سماجی شعبے میں جمی انجینئر کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے دوسروں کو بھی ان کی تقلید کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔