ڈپٹی چیئر مین سینٹ سے مولانا غفور حیدری کی ملاقات ،باہمی دلچسپی کے امور سمیت صوبہ بلوچستان کی صورتحال پرتبادلہ خیال

0
35

اسلام آباد (این این آئی)ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینئر رہنما مولانا عبدالغفور حیدری نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت صوبہ بلوچستان اور ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سیدال خان نے کہا کہ ملک کے اقتصادی و معاشی صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر آگے بڑھنا ہوگا۔انہوںنے کہاکہ ملک کے معاشی مسائل اور اندرونی و بیرونی خطرات کا مقابلہ کرنے کے لئے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے قائدین ، وزیر اعظم شہباز شریف اور سینیئر قیادت ملک کی مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہیں موجودہ حکومت سب کو ساتھ لیکر چلنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ ملاقات میں بلوچستان کی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کرتے ہوئے سیدال خان نے کہا کہ اندرونی و بیرونی خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے تمام سیاسی جماعتیں متحد ہیں۔افواج پاکستان کی ملکی دفاع کے لیے قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں مادر وطن کی حفاظت کے لیے جان قربان کرنے والوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا انہوں نے کہا کہ صوبہ بلوچستان ملک کا اہم صوبہ ، صوبے کی ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مولانا عبدالغفور حیدری ایک زیرک سیاستدان اور دیرینہ دوست ہیں۔ صوبہ بلوچستان کے مسائل کے حل کے لئے ملکر کوششیں کرنا ہوں گی۔