سعودی وزیر خارجہ کی ایرانی ہم منصب سے ملاقات، خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال

0
64

ریاض(این این آئی)سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے ریاض کے دورے پر آنے والے اپنے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ایرانی سرکاری خبر رساں ایجنسی کی طرف سے شائع کردہ دستیاب معلومات کے مطابق عراقچی کے دورے میں سعودی عرب اور خطے کے دیگر ممالک شامل ہوں گے۔ وہ خطے کے ممالک کی قیادت سے علاقائی مسائل پر بات چیت اور غزہ کی پٹی اور لبنان میں اسرائیلی جرائم کو روکنے کے لیے کام کرنے پر توجہ مرکوز کریں گے۔اسی دوران ایرانی وزیر خارجہ نے اپنے ایکس اکائونٹ کے ذریعے اپنے دورہ سعودی عرب پر تبصرہ کرتے کہا کہ ان کا ملک اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے تاکہ استحکام اور سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔وزیر خارجہ عراقچی کے علاقائی دورے کے وقت کو اس تناظر میں اجاگر کیا گیا ہے۔ ان کا یہ دورہ غزہ اور لبنان میں پھیلنے والی کشیدگی کے دوران سامنے آیا ہے۔مبصرین میں یہ توقعات مضبوط ہو رہی ہیں کہ تہران صورتحال کو پرسکون کرنے کے طریقے تلاش کر رہا ہے۔ خاص طور پر اسرائیل کی جاری دھمکیوں کے درمیان وہ اپنی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنائے جانے اور بڑے فوجی تصادم میں شامل ہونے سے بچنے کی کوشش کررہا ہے۔