عوام کے درمیان دوستی عالمی امن کے لئے ایک لازوال محرک قوت ہے، چینی صدر

0
58

بیجنگ (این این آئی)چینی صدر شی جن پھنگ نے بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں چائنا انٹرنیشنل فرینڈشپ کانفرنس اور غیر ملکی ممالک کے ساتھ چینی دوستی کی ایسوسی ایشن کے قیام کی 70 ویں سالگرہ کے حوالے سے سرگرمیوں میں شرکت کرنے والے غیر ملکی مہمانوں سے ملاقات کی۔جمعہ کے روز شی جن پھنگ نے کہا کہ عوام کے درمیان دوستی بین الاقوامی تعلقات کی مستحکم بنیاد ہے اور عالمی امن اور ترقی کے لئے ایک لازوال محرک قوت ہے۔ 75 سال قبل عوامی جمہوریہ چین کے قیام کے بعد سے چین نے دنیا کے تمام ممالک کے عوام کی حمایت کے ساتھ مختلف شعبوں میں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔اس وقت دنیا ایک بار پھر تاریخ کے ایک چوراہے پر کھڑی ہے۔ چین دنیا بھر کے دوستوں کے ساتھ دوستانہ تبادلوں کو مضبوط بنانے، عوامی سفارتکاری کے منفرد کردار کو بروے کار لاتے ہوئے بنی نوع انسان کے ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کے لئے مل کر کام کرنے کے لئے تیار ہے۔ سب سے پہلے، دنیا کے ساتھ مل کر کام کرنے کے جذبے کے تحت، ہمیں بنی نوع انسان کے ہم نصیب معاشرے کی تعمیر پر ایک وسیع اتفاق رائے پیدا کرنا چاہئے. دوسرا، جیت جیت تعاون کے تصور کے ساتھ ہمیں انسانیت کے ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کو فروغ دینے کے لئے مضبوط ہم آہنگی پیدا کرنی چاہئے. تیسرا، کھلے پن اور اشتراک کے ساتھ انسانیت کے ہم نصیب معاشرے کی تشکیل دی جانی چاہیئے ۔شی جن پھنگ نے زور دے کر کہا کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا ایک ایسی پارٹی ہے جو عوام کی خدمت کرتی ہے، چینی حکومت عوام کی حکومت ہے اور چین کی سفارت کاری عوام کی سفارت کاری ہے۔تقریب میں سابق غیر ملکی سیاست دانوں ، شاہی خاندان کے ارکان، بین الاقوامی فرینڈشپ تنظیموں کے سربراہان اور دوستانہ افراد سمیت تقریبا 200 افراد نے شرکت کی۔