رمضان ٹرانسمیشن کے باعث لوگ اب فاقے کرتے ہیں، بشری انصاری

0
16

لاہور(این این آئی)پاکستان شوبز انڈسٹری کا بڑا نام، ہر فن مولا اداکارہ بشری انصاری کا کہنا ہے کہ رمضان ٹرانسمیشن کی وجہ سے لوگ اب روزے رکھ کر عبادت نہیں کرتے فاقے کرتے ہیں۔سینئر اداکارہ نے حال ہی میں اپنے یوٹیوب چینل پر نیا وی لاگ شیئر کیا ہے جس میں انہوں نے افطاری کا اہتمام کرتے ہوئے سوشل میڈیا صارفین سے دل کی باتیں کی۔انہوں نے رمضان ٹرانسمیشن کے ٹرینڈ پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کی وجہ سے لوگ عبادت میں توجہ کم دیتے ہیں۔سنیئر اداکارہ نے کہا کہ ہر دوسرے چینل پر یہی سرگرمی چل رہی ہے، اب ہمارے یہاں کتنی رمضان ٹرانسمیشنز ہو گئی ہیں، پہلے بھی ہوتی تھیں لیکن اس وقت لوگ اتنا دیکھتے نہیں تھے، وہ وقت اچھا تھا، لیکن آج کل لوگ شوق سے دیکھتے ہیں، میں خود بھی مختلف چینلز کی رمضان ٹرانسمیشن میں جا کے بیٹھ جاتی ہوں، لوگوں کا دل بہل جاتا ہے، انہیں اچھا لگتا ہو گا، روزہ آرام سے گزر جاتا ہو گا۔انہوں نے مزید کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ جب ہم یہ ٹرانسمیشن نہیں دیکھتے تھے اس وقت عبادت زیادہ کرتے تھے، کوئی دوسرا کام نہیں ہوتا تھا تو قرآن شریف کی تلاوت کر لیا کرتے تھے، تسبیح پڑھ لیا کرتے تھے۔بشری انصاری نے یہ بھی کہا کہ اس وقت روزہ، روزہ ہوتا تھا فاقہ نہیں، اب تو بغیر عبادت، قرآن شریف پڑھے بغیر یا تسبیحات کے بغیر، صرف رمضان ٹرانسمیشن دیکھ کر روزہ، روزہ نہیں فاقہ ہوتا ہے۔