غزہ میں خوراک کے 9 ٹرکوں کو داخلے اجازت سمندر میں قطرہ ہے،اقوام متحدہ

0
29

نیویارک (این این آئی )اقوام متحدہ نے 20 لاکھ سے زیادہ فلسطینیوں کی آبادی والے علاقے غزہ میں خوراک کے 9 ٹرکوں کے داخلے کی اجازت کوسمندر میں ایک قطرہ قرار دیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے انسانی امور کے نائب سیکرٹری ٹوم فلیچر نے گزشتہ روز بیان میں کہا کہ اسرائیل نے کرم ابو سالم کراسنگ کے ذریعے 9 امدادی ٹرکوں کو غزہ میں داخل ہونے کی اجازت دی ہے جو غزہ میں 11 ہفتوں سے جاری مکمل محاصرے کے بعد پہلا موقع ہے لیکن یہ اس مقدار کی نسبت سمندر میں ایک قطرہ ہے جس کی فوری طور پر ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ لوٹ مار کو کم کرنے کے لئے امداد کی ایک باقاعدہ ترسیل ہونی چاہیے اور انسانی ہمدردی کے کارکنوں کو متعدد راستوں کے استعمال کی اجازت دی جانی چاہیے۔ انسانی ردعمل کو تجارتی سامان کے ذریعے مکمل کیا جانا چاہیے۔ اسی تناظر میں فرانس، جرمنی، برطانیہ، کینیڈا، جاپان اور آسٹریلیا سمیت 22 ممالک کے وزرائے خارجہ نے پیر کو اسرائیل سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ اقوام متحدہ اور غیر سرکاری تنظیموں کی نگرانی میں غزہ میں مکمل اور فوری طور پر امداد کی دوبارہ اجازت دے۔جرمن وزارت خارجہ کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا تھا کہ اقوام متحدہ اور انسانی تنظیمیں غزہ میں امداد کی فراہمی کے لئے اسرائیل کی جانب سے اپنائے گئے نئے طریقہ کار کی حمایت نہیں کر سکتیں۔ اقوام متحدہ کی ایجنسیوں نے غزہ میں خوراک، صاف پانی، ایندھن اور ادویات کی شدید قلت سے خبردار کیا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل نے غزہ میں قحط کے خطرے سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ 20 لاکھ افراد بھوک سے مر رہے ہیں۔