لاہور (این این آئی)قائد اعظم کی چھوٹی بہن اور تحریک پاکستان میں اپنے بھائی کا بازو بننے والی مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کی زندگی پر بننے والی ویب سیریز کی شوٹنگ مکمل ہوگئی۔اس ویب سیریز کے ڈائریکٹر دانیال افضل نے بتایا کہ ویب سیریز کی شوٹنگ کا آغاز 2022 سے ہوا تھا اور اب فلم مکمل ہوچکی ہے لیکن ابھی اجرا کی تاریخ کا انتخاب نہیں کیا۔انھوں نے مزید بتایا کہ تین تاریخیں زیر غور ہیں۔ ایک 31 جولائی جو مادر ملت کا یومِ پیدائش ہے، دوسری 9 جولائی جو ان کا یومِ وفات ہے اور تیسری 25 دسمبر جو قائد کی پیدائش کا دن ہے۔فاطمہ جناح کی زندگی پر مبنی ویب سیریز کو تین سیزن میں پیش کیا جائے گا۔ پہلے سیزن کے 10 اقساط پر مشتمل دو والیمز ہیں۔پہلے سیزن میں سنہ 1910 کے واقعات سے شروع کیا گیا ہے۔ پہلے سیزن میں مادر ملت کا کردار سندس فرحان نبھائیں گی جب کہ تیسرے اور آخری سیزن میں فاطمہ جناح کے روپ میں سمیعہ ممتاز نظر آئیں گی۔تاہم دوسرے سیزن میں مادر ملت فاطمہ جناح کا کردار کون سی اداکارہ نبھائیں گی۔ اسے راز میں رکھا گیا ہے۔ان کے علاوہ ویب سیریز کی کاسٹ میں عثمان مختار، سرمد کھوسٹ، کبری خان، منظر صہبائی، ثمینہ احمد اور آمنہ الیاس شامل ہیں۔عثمان مختار نے علامہ اقبال کا کردار ادا کیا ہے۔ اس حوالے سے انھوں نے ڈان امیجز کو بتایا کہ میرے لیے یہ کسی اعزاز سے کم نہیں۔ یہ ایک کردار نہیں بلکہ ذمہ داری ہے۔کردار کی ادائیگی میں مشکلات سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال کی کوئی آڈیو ریکارڈنگ موجود نہیں، اس لیے لب و لہجہ کون سا اختیار کیا جائے اس کے لیے میں نے ان کے پوتوں منیب اقبال اور یوسف صلاح الدین کو دیکھا۔ ویب سریز کے ہدایتکار نے بتایا کہ ہماری ریسرچ ٹیم نے مورخین سے ملاقاتیں کیں، اصل تقریریں اور خطوط پڑھے، اور ان جذباتی پہلوں پر توجہ دی جو تاریخ کی سرخیاں نہیں بن سکیں۔دانیال افضل کا مزید کہنا تھا کہ لوگوں کو فاطمہ جناح کی ابتدائی زندگی، ان کے بھائیوں کا اثر، اور قائداعظم کے ساتھ گہرے رشتے سے متعلق مکمل طور پر آگاہی نہیں ہے