پاکستان اپنے حصے کے پانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، شہباز شریف

0
43

دوشنبے(این این آئی)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے حصے کے پانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، ترقی یافتہ ممالک ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے اپنی ذمے داریاں پوری کریں۔دوشنبے میں گلیشیئرز کے تحفظ سے متعلق عالمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بھارت کا سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کرنے کا فیصلہ قابل مذمت ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ گلیشیئرز کے تحفظ اور چیلنجز پر جامع گفتگو پر تاجک صدر کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، پاکستان میں 13 ہزار گلیشیئرز ہیں۔انہوں نے کہا کہ گلیشیئرز کا تحفظ ہمارے لیے بہت اہم ہے، پاکستان کے پانی کا نصف حصہ گلیشیئرز سے حاصل ہوتا ہے، ماحولیاتی تبدیلی کے باعث پاکستان کے گلیشیئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ 2022 میں ماحولیاتی تبدیلی کی وجہ سے سیلاب اور طوفانی بارشوں کا سامنا کرنا پڑا، پاکستان کا فضا میں زہریلی گیسوں کا اخراج نصف فیصد سے بھی کم ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان دنیا کے ان 10 ممالک میں شامل ہے جو ماحولیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہیں، ماحولیاتی تبدیلی کے باعث ایکو سسٹم بھی متاثر ہو رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ ترقی یافتہ ممالک ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے اپنی ذمے داریاں پوری کریں، ترقی یافتہ ملک ترقی پذیر ممالک میں ارلی وارننگ سسٹم میں سرمایہ کاری بڑھائیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہمارے پاس دریاؤں میں پانی گلیشیئرز سے آتا ہے، آئیں مل کر ان گلیشیئرز کا تحفظ کریں۔