وزیراعظم سے چینی سفیر کی ملاقات،دوطرفہ تعلقات سمیت خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

0
32

اسلام آباد (این این آئی)چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم نے چینی صدر شی جن پنگ اور چین کے وزیر اعظم لی کیانگ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے آئندہ ایس سی او سربراہی اجلاس کے کامیاب انعقاد کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے اپنے دورہ چین کے حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان جاری مشاورت کا ذکر کیا۔پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی، گہری اور آہنی ”آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ”کا ذکر کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان سی پیک کے جاری منصوبوں کے کامیاب نفاذ کے لیے چین کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے اہم منصوبوں بشمول MLـI، KKH گوادر پورٹ کو آپریشنل کرنے کے ساتھ ساتھ زراعت، صنعت اور آئی ٹی کے شعبوں میں تعاون پر روشنی ڈالی۔وزیراعظم نے چین کی جانب سے مالی اور اقتصادی مدد کے لیے پاکستان کی جانب سے دل کی گہرائیوں سے دوست ملک چین کی تعریف کی جس سے پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنے میں مدد ملی اور اس کے نتیجے میں ملک کے میکرو اکنامک آؤٹ لک میں بہتری آئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ حکومت کے سماجی و اقتصادی ترقی کے ایجنڈے کے لیے اہم ہے۔ملاقات کے دوران علاقائی سلامتی کی صورتحال بالخصوص ایران اسرائیل تنازع میں حالیہ پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چینی سفیر نے مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے بحران کے پرامن حل کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سمیت ہر سفارتی فورم پر پاکستان کے فعال اور مثبت کردار کی تعریف کی۔چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے وزیراعظم کو پاک چین دوطرفہ تعاون کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا اور کہا کہ اگست 2025 کے آخر میں وزیراعظم کے آئندہ دورہ چین کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔