وزیراعظم شہباز شریف کی سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے اپیل

0
162

اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم شہبازشریف نے سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے اپیل کرتے ہوئے کہاہے کہ ملک میں بارشوں کا 30 سال کا ریکارڈ ٹوٹنے سے خاص طور پر بلوچستان اور سندھ میں تباہی وبربادی سے قیامت صغری کا منظر ہے،صوبائی حکومتوں ، وفاقی وصوبائی اداروں اور مسلح افواج کے بھرپور تعاون سے ہم سب ملکر دن رات کام کررہے ہیں، مجموعی طور پر 37.2 ارب روپے سیلاب زدگان کیلئے مہیا کئے جارہے ہیں، کھربوں روپے کے نقصانات کو پورا کرنے اور متاثرین کی بحالی کے لئے کھربوں روپے کی ضرور ت ہے۔جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کہاکہ ملک میں بارشوں کا 30 سال کا ریکارڈ ٹوٹنے سے خاص طور پر بلوچستان اور سندھ میں تباہی وبربادی سے قیامت صغری کا منظر ہے،سینکڑوں پاکستانی سیلاب کی بے رحم موجوں کی نذر ہوکراپنے پیچھے جدائی کا غم چھوڑ گئے ہیں، سینکڑوں زخمیوں کی صحت یابی کی دعا کرتے ہیں،بہت بڑی تعداد میں لوگ بے گھر ہیں، مال مویشی، فصلوں ، باغات اور املاک کو نقصان پہنچا ہے۔ انہوںنے کہاکہ صوبائی حکومتوں ، وفاقی وصوبائی اداروں اور مسلح افواج کے بھرپور تعاون سے ہم سب مل کر دن رات کام کررہے ہیں،مجموعی طور پر 37.2 ارب روپے سیلاب زدگان کے لئے مہیا کئے جارہے ہیں،میں نے فی الفور 5 ارب روپے کی رقم این ڈی ایم اے کو جاری کروائی ہے تاکہ ریسکیو، ریلیف اور بحالی کے اقدامات میں تیزی آئے۔ ہر جاں بحق فردکے خاندان کو10 لاکھ ، زخمیوں ، گھروں کے گرنے اور دیگر نقصانات پر زرتلافی کے علاوہ متاثرین کو25 ہزار روپے نقد کی ادائیگی بڑے پیمانے پر جاری ہے جس کے لئے 80 ارب روپے سے زائد درکار ہیں، کھربوں روپے کے نقصانات کو پورا کرنے اور متاثرین کی بحالی کے لئے کھربوں روپے کی ضرور ت ہے۔ انہوںنے کہاکہ یہ تمام اقدامات ہمارا فرض ہے جسے ہم محنت، دیانتداری اور غم گساری کے جذبے سے انجام دے رہے ہیں۔ سڑکیں اورپْل بہہ جانے سے زمینی رابطہ کٹنے پر ہیلی کاپٹروں سے مدد لی جارہی ہے۔ اہل وطن کی مدد کی کوششوں کے دوران پاک آرمی کے افسران نے جام شہادت نوش کرکے قربانی کے عظیم جذبے کی روشن مثال قائم کی ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ 2005کے قیامت خیز زلزلے اور 2010کے تباہ کن سیلاب کے موقع پر بھی عوام اور ادارے مصیبت میں گِھرے پاکستانیوں کے لئے ایثاراور قربانی کے ایسے ہی عظیم جذبے سے دنیا میں مثال بن گئے تھے