روس کی امریکا میں داخلے کے لیے56ویزوں کی درخواست

0
310

ماسکو(این این آئی)روس نے امریکا میں داخلے کے لیے 56 ویزوں کی درخواست کی ہے جن میں وزیر خارجہ سرگئی لاوروف اور ان کے ساتھی بھی شامل ہیں جو اس ماہ اقوام متحدہ میں عالمی رہ نمائوں کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے نیو یارک جائیں گے، تاہم امریکا نے تا حال روسی وزیر خارجہ اور دوسرے عہدیداروں کے ویزے جاری نہیں کیے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس کو لکھے گئے ایک خط میں یو این میں روس کے سفیر نے کہا کہ ابھی تک امریکی حکومت نے وزیرخارجہ کے لیے ویزا جاری نہیں کیا ۔ویسیلی نیبنزیا نے کہا کہ یہ معاملہ خطرناک ہو گیا ہے کیونکہ پچھلے کئی مہینوں سے واشنگٹن نے اقوام متحدہ کی دیگر تقریبات میں شرکت کے لیے متعدد روسی سفیروں کو انٹری ویزا دینے سے مسلسل انکارکیا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ امریکا اقوام متحدہ کے میزبان ملک کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریوں کو سنجیدگی سے لیتا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ویزا ریکارڈ امریکی قانون کے تحت خفیہ ہے، اس لیے وہ انفرادی کیسز پر تبصرہ نہیں کر سکتا۔