اسلام آباد (این این آئی)الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف دائر کردہ توشہ خانہ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے انہیں نااہل قرار دیدیا جس کے باعث سابق وزیراعظم عمران خان اب رکن قومی اسمبلی نہیں رہے ۔ جمعہ کو الیکشن کمیشن کے 4 رکنی کمیشن نے متفقہ فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ عمران خان کرپٹ پریکٹسز میں ملوث رہے، ان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کیا جائے گا۔چاررکنی کمیٹی نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ عمران خان رکن قومی اسمبلی نہیں رہے،ان کی نشست خالی قرار دی جاتی ہے۔خیال رہے کہ سابق وزیراعظم عمران کی نااہلی کیلئے دائر کیا جانے والا توشہ خانہ ریفرنس حکمراں اتحاد کے 5 ارکان قومی اسمبلی کی درخواست پر اسپیکر قومی اسمبلی نے الیکشن کمیشن کو بھجوایا تھا جس پر 19ستمبر کو فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا۔قبل ازیں توشہ خانہ ریفرنس کا فیصلہ سنائے جانے کے سلسلے میں وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ۔پی ٹی آئی کارکنوں کے ممکنہ احتجاج کے پیش نظر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا ۔فیصلے سے قبل پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری، اسد عمرالیکشن کمیشن کی دیوار پھلانگ کے اندر داخل ہوئے۔الیکشن کمیشن میں سیکیورٹی انتظامات کے پیش نظر رینجرز، ایف سی اور پولیس اہلکار بڑی تعداد میں تعینات کیے گئے اور اسلام آباد انتظامیہ نے آنسو گیس کے شیلز بھی الیکشن کمیشن پہنچائے گئے۔قبل ازیں الیکشن کمیشن نے اس حوالے سے ہنگامی اجلاس طلب کیا تھا اور چیف الیکشن کمشنر اور کمیشن کے دیگر تمام ارکان بھی اجلاس میں پہنچے تھے جہاں انہیں سیکیورٹی سے متعلق امور اور انتظامات پر انتظامیہ کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔دوسری جانب الیکشن کمیشن کی سیکیورٹی سے متعلق حکام نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے اطراف سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، ایک ایس ایس پی، 5 ایس پیز، 6 ڈی ایس پیز سمیت 1100 سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔واضح رہے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ایک آڈیو پیغام میں مبینہ طور پر پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے صدر پرویز خٹک نے پارٹی کارکنوں سے کہا کہ وہ توشہ خانہ ریفرنس کا فیصلہ خلاف آنے پر سڑکوں پر نکلیں اور تمام اضلاع میں احتجاج کریں۔یاد رہے کہ گزشتہ روز ہی الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی چیئرمین کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس کیس کے فیصلے کے موقع پر ہنگامی بنیاد پر فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے بھی خط لکھا تھا۔انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد کے نام خط میں کہا گیا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں سماعت کے دوران کمیشن کے اندر اور اطراف میں فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے جو 21 اکتوبر 2022 کو صبح 10 بجے شروع ہوگی۔آئی جی کے نام خط میں بتایا گیا تھا کہ درخواست گزار اور مدعا علیہان کو نوٹسز جاری کردئیے گئے ہیں اور اس دوران کسی قسم کے ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے پورے دن الیکشن کمیشن کی عمارت کے اندر اور باہر سادہ لباس میں 2 اہلکاروں اور ایک ٹریفک وارڈن سمیت فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے۔خط میں واضح کیا گیا تھا کہ اس معاملے کو انتہائی ہنگامی بنیاد پر لیا جائے۔الیکشن کمیشن نے سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف دائر توشہ خانہ ریفرنس پر فیصلہ 19ستمبر کو محفوظ کیا تھا۔سماعت کے دوران مسلم لیگ (ن) کے وکیل خالد اسحٰق نے مؤقف اپنایا تھا کہ ریفرنس میں سوال عمران خان کی جانب سے تحائف ظاہر نہ کرنے کا تھا اور عمران خان نے جواب میں تحائف کا حصول تسلیم کیا ہے اور یہ بھی تسلیم کیا کہ تحائف گوشواروں میں ظاہر نہیں کیے۔خیال رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کیلئے دائر کیا جانے والا توشہ خانہ ریفرنس حکمراں اتحاد کے 5 ارکان قومی اسمبلی کی درخواست پر اسپیکر قومی اسمبلی نے الیکشن کمیشن کو بھجوایا تھا
مقبول خبریں
افغانستان سے سرگرم دہشت گرد تنظیمیں پوری دنیا کے لئے خطرہ ہیں‘ پاکستان
نیویارک(این این آئی) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ افغانستان سے سرگرم دہشت گرد تنظیمیں صرف ہمارے...
ایف آئی اے کو ہنڈی، بھکاری اور جعلی ادویات مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن...
کراچی(این این آئی) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اے کراچی زون کا دورہ کیا اور حوالہ ہنڈی و بھکاری مافیا کیخلاف...
بھارت، ایران کی طرز پرافغانستان بارڈر پر بھی انتظامات ہونے چاہئیں‘ خواجہ آصف
اسلام آباد(این این آئی) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت، ایران کی طرح افغانستان بارڈر بھی ویسے ہی انتظامات ہونا چاہئیں۔ایک انٹرویو...
میرا جی ہاتھ دھو کر سلمان خان کے پیچھے پڑ گئیں
لاہور(این این آئی)پاکستانی اداکارہ میرا نے بالی وڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کے نام ایک اور پیغام جاری کر کے فینز کو متجسس...
گلوبل انکانٹرز فیسٹیول 2025 کا تھیم سانگ پاکستانی گلوکار کی آواز میں ریلیز
دبئی(این این آئی) گلوبل انکانٹرز فیسٹیول 2025 کا تھیم سانگ معروف پاکستانی گلوکار کی آواز میں ریلیز کر دیا گیا۔گلوبل انکانٹرز فیسٹیول 2025 کا...