دورہ چین کے دوران چینی قیادت سے بات چیت میں سی پیک کو تقویت دینے پر خصو صی توجہ مرکو ز ہوگی، وزیر اعظم

0
230

اسلام آبا د(این این آئی)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایک ایسے وقت میں جب دنیا کو کئی چیلنجز کاسامنا ہے،پاکستان اور چین دوست اور شراکت دار کے طور پر ایک ساتھ کھڑے ہیں،دورہ چین کے دوران چینی قیادت سے سی پیک کو تقویت دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوگا۔منگل کو اپنے ٹویٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ وہ دورہ چین پر جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میرے لئے یہ اعزاز کی بات ہے کہ میں ان چند اولین رہنمائوں میں شامل ہوں جنہیں چین کی حکمران جماعت کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی 20ویں تاریخی نیشنل کانگریس کے بعد چین کے دورے کی دعوت دی گئی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں کہ جب دنیا کو کئی مسائل کا سامنا ہے، پاکستان اور چین دوست اور شراکت دار کے طور پر ایک ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دورے کے دوران چینی قیادت کے ساتھ بات چیت میں دیگر چیزوں کے ساتھ ساتھ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کو تقویت دینے پر خصوصی توجہ مرکوز ہوگی۔سی پیک کا دوسرا مرحلہ ہمارے لوگوں کی سماجی۔معاشی ترقی کے لئے نئے دور کا آغاز ہوگا۔انہوں نے کہا کہ چینی معاشی کامیابیوں سے بہت کچھ سیکھا جا سکتا ہے۔