گوجرانوالہ میں عمران خان کے خلاف وال چاکنگ اشتعال دلانے کی کوشش ہے، شاہ محمود قریشی

0
303

گوجرانوالہ (این این آئی)سابق وزیر خارجہ اور رہنما پاکستان تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ گوجرانوالہ میں عمران خان کے خلاف وال چاکنگ اشتعال دلانے کی کوشش ہے، کارکنان تحمل کا مظاہرہ کریں۔فواد چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اسلام آباد میں عمران خان کے خلاف وال چاکنگ کی گئی ہے، ان کے خلاف منفی نعرے لکھے گئے، یہ کوئی سیاسی عمل نہیں ہے اور نہ یہ سیاسی شعور کا مظاہرہ ہے، میں اس کی مذمت کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود میں اپنے شہریوں اور کارکنان سے کہوں گا کہ ہمیں تحمل کا مظاہرہ کرنا ہے، یہ لوگ ہمیں اشتعال دلانا چاہتے ہیں، ہمیں الجھنا نہیں ہے اور پْرامن طریقے سے آگے بڑھنا ہے۔سابق وزیر اطلاعات اور رہنما پاکستان تحریک انصاف فواد چوہدری نے کہا کہ لانگ مارچ اتوار تک اسلام آباد پہنچنا فی الحال ممکن نہیں لگ رہا۔فواد چوہدری نے کہا کہ آج چن دا قلعہ کے علاقے سے لانگ مارچ شروع کریں گے اور سپر ایشیا چوک پر آئیں گے، اس کے بعد ہم شیرانوالہ باغ میں جائیں گے جہاں وکلا نے استقبالیہ رکھا ہے، اس کے بعد ہمارا آخری پڑائو گوجرانوالہ چوک ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سارا دن گوجرانوالہ میں ہی گزرے گا اور رات بھی یہیں قیام کریں گے، بدھ 2 نومبر کو پنڈی بائے پاس سے لانگ مارچ کا دوبارہ آغاز ہوگا، پھر راوالی سے گزر کر گکھڑ پر اختتام پذیر ہوگا۔انہوں نے کہا کہ 3 نومبر کو ہم وزیر آباد اور گجرات پہنچیں گے جہاں پرویز الٰہی کے پاس ہمارا قیام ہوگا اور پھر جمعے کو لالا موسیٰ پہنچیں گے، ہمارا اتوار تک اسلام آباد پہنچنے کا منصوبہ تھا تاہم اب اتوار تک اسلام آباد پہنچنا فی الحال ممکن نہیں لگ رہا۔