ریاض (این این آئی )سعودی عرب کے وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ مستقبل میں کوئی ڈیل صرف جوہری پروگرام تک محدود نہیں رہنی چاہیے بلکہ اس میں اس کی خطے میں تخریبی سرگرمیوں کا بھی توڑ کیا جانا چاہیے۔انھوں نے امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں کہا کہ ہمارا یہ یقین ہے کہ مسئلہ صرف جوہری پروگرام کا نہیں بلکہ ایران کے ساتھ مسئلہ یہ ہے کہ اس نے خطے پر اپنی مرضی مسلط کرنے اور اپنے ہمسایوں اور ان سے آگے کے ممالک میں انقلاب کو برآمد کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔انھوں نے کہا کہ ہمیں اس مسئلہ کو حل کرنے کی ضرورت ہے،میں اس کو مستقبل میں مشترکہ جامع لائحہ عمل پلس پلس کا نام دیتا ہوں۔اس میں جوہری پروگرام کا نہ صرف احاطہ کیا گیا ہو، یہ یقینی طور پر اہمیت کا حامل ہے بلکہ اس میں ایران کی علاقائی سرگرمی کا بھی توڑ کیا جائے۔شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ ایران عراق ، لبنان، یمن اور مشرقِ اوسط میں واقع دوسرے ممالک میں اپنے گماشتہ گروپوں کی حمایت کرتا ہے۔یہ گروپ سعودی عرب اور مغربی اہداف کو اپنے حملوں میں نشانہ بنا چکے ہیں۔