اسلام آباد(این این آئی)اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق کی عدالت نے متنازع ٹوئٹ کیس میں گرفتار پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر اعظم سواتی کی درخواست ضمانت بعد ازگرفتاری پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔تفصیلات کے مطابق 27 نومبر کو پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم خان سواتی کو متنازع ٹوئٹ کرنے پر وفاقی تحقیقاتی ادارے نے گرفتار کیا تھا، ٹرائل کورٹ نے 21 دسمبر کو اعظم سواتی کی درخواست ضمانت مسترد کر دی تھی، اس سے قبل بھی انہیں 12 اکتوبر کو اس وقت کے آرمی چیف کیخلاف ٹوئٹ کرنے پر گرفتار کیا گیا تھا، ٹرائل کورٹ نے 21 دسمبر کو اعظم سواتی کی درخواست ضمانت مسترد کر دی تھی جس کے بعد انہوں نے اسلام آباد ہائھی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔سماعت کے دوران سینیٹر اعظم سواتی کے وکیل بابر اعوان عدالت میں پیش ہوئے جبکہ اسپیشل پروسیکیوٹر عدالت میں پیش نہیں ہوئے، بابر اعوان ایڈووکیٹ نے کہاکہ اعظم سواتی کے صاحبزادے عدالت کے سامنے اپنا مؤقف رکھنا چاہتے ہیں۔سینیٹر اعظم سواتی کے صاحبزادے نے کہا کہ میرے والد نے جیل سے ایک خط لکھا تھا، کیس کسی اور بینچ کو بھیج دیں، میں عدالت کی اجازت سے خط پڑھنا چاہتا ہوں، چیف جسٹس نے کہاکہ خط عدالت کے سامنے موجود ہے، اس معاملے پر لارجر بینچ تشکیل دیں گے، اس معاملے کو ہمیشہ کے لیے طے کرنا چاہتے ہیں، خط آجاتا ہے کہ جج جانبدار ہے، اس معاملے کو طے کرنے کے لیے لارجر بینچ تشکیل دے رہے ہیں۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ اس قسم کے خطوط عدالت عمومی طور پر نہیں دیکھتی، بابراعوان ایڈووکیٹ نے کہا کہ عدالت آج ہی اس معاملے کو دیکھ لے، چیف جسٹس نے کہا کہ آج ہی لارجر بینچ کی تشکیل ممکن نہیں، سینئر ججز ابھی چھٹی پر ہیں آئندہ ہفتہ کے لیے لارجر بنچ تشکیل دیں گے۔بابر اعوان ایڈووکیٹ نے کہا کہ اعظم سواتی کے صاحبزادے سے میں نے درخواست کی ہے وہ یہ خط واپس لے لیتے ہیں، اس موقع پر وکلا کی مشاورت کے بعد اعظم سواتی کے بیٹے نے عدالت کو لکھا گیا خط واپس لے لیا۔اس کے بعد بابر اعوان ایڈووکیٹ نے اعظم سواتی کی درخواست ضمانت پر دلائل کا آغازکرتے ہوئے حبیب جالب کا شعر پڑھا اور کہا کہ سندھ، بلوچستان کی ہائی کورٹس نے اعظم سواتی کے خلاف مقدمے ختم کر دئیے۔بابر اعوان نے کہا کہ حکام نے جیب سے کمپلینٹ نکالی اور مقدمہ بنا دیا، میں نے کبھی ایسی ایف آئی آر نہیں دیکھی جس میں ٹائم اور وقوعہ کی جگہ نہ لکھی ہو ، بابر اعوان ایڈووکیٹ نے مؤقف اپنایا کہ میں نام نہیں لینا چاہتا تاہم فیصلہ آپ کے سامنے رکھ دوں گا کہ ایک سیاسی شخصیت کو بیماری پر ضمانت دی گئی، ایک اور شخصیت کو اس کی تیمار داری کے لیے ضمانت دے دی گئی۔بابر اعوان کے دلائل مکمل ہونے پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورت نے کہا کہ اس معاملے پر ایف آئی اے کا کیا موقف ہے جس پر ایف آئی اے کے وکیل نے کہاکہ اسپیشل پراوسیکیوٹر نہیں آ سکے، استدعا ہے کہ سماعت ملتوی کی جائے جس پر عدالت نے ایف آئی اے کے وکیل کی استدعا مسترد کر دی اور دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔یاد رہے کہ 27 نومبر کو پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم خان سواتی کو متنازع ٹوئٹ کرنے پر وفاقی تحقیقاتی ادارے نے گرفتار کیا تھا، اس سے قبل بھی انہیں 12 اکتوبر کو اس وقت کے آرمی چیف کے خلاف ٹوئٹ کرنے پر گرفتار کیا گیا تھا۔ایف آئی اے کی جانب سے سابق وفاقی وزیر کے خلاف پیکا 2016 کی دفعہ 20 اور پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 131، 500، 501، 505 اور 109 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ایف آئی آر میں تین ٹوئٹر اکاؤنٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا تھا کہ اعظم سواتی اور مذکورہ اکاؤنٹس نے غلط عزائم اور مذموم مقاصد کے ساتھ ریاستی اداروں، سینئر افسران کے خلاف انتہائی جارحانہ انداز میں ٹوئٹر پر مہم کا آغاز کیا۔ایف آئی آر میں کہا گیا کہ اس طرح نام لے کر اور الزام عائد کرنے والی اشتعال انگیز ٹوئٹس ریاست کو نقصان پہنچانے کے لیے مسلح افواج کے افسران کے درمیان تفریق پیدا کرکے بغاوت کی شرارت ہے۔ایف آئی آر میں کہا گیا کہ اشتعال انگیز ٹوئٹس پر تبصرے کرکے ملزمان نے فوجی افسران کو ان کی ذمہ داریوں اور وفاداری سے بہکانے کی کوشش کی اور اعظم سواتی کی طرف سے یہ بار بار کوشش کی جارہی تھی۔ایف آئی آر میں کہا گیا کہ اعظم سواتی نے غلط معلومات کی بنیاد پر رازداری کی خلاف وزری کی جو کسی افسر، سپاہی، سیلر یا ایئرمین کو میوٹنی یا اپنے فرائض میں کوتاہی پر اکسانے کی کوشش ہے، مزید کہا گیا ہے کہ ایسے بیانات سے عوام میں خوف پیدا ہونے کا بھی امکان ہے
مقبول خبریں
26ویں آئینی ترمیم پاس کرنے کیلئے اربوں روپے بانٹے گئے،اسد قیصر
صوابی(این این آئی)سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہاہے کہ 26ویں آئینی ترمیم پاس کرنے کیلئے اربوں روپے بانٹے گئے۔صوابی میں کارکنوں سے...
بشریٰ بی بی کیخلاف ملتان، لیہ، گوجرانوالہ میں مقدمہ درج
اسلام آباد(این این آئی)بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف مختلف شہروں میں مقدمے درج کر لیے گئے۔پولیس کے مطابق...
24نومبر کا احتجاج رکوانے کیلئے محسن نقوی کا چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر...
اسلام آباد(این این آئی)اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کی روشنی میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر سے...
ٹرمپ کا 2020 کے انتخابات کی جانچ پڑتال کیلیے تحقیقاتی ٹیموں کو اکٹھا کرنے...
واشنگٹن(این این آئی )امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق ٹرمپ 2020 کے انتخابات کی جانچ پڑتال کے لیے تحقیقاتی ٹیموں کو اکٹھا کرنے کا...
پاکستان اسٹاک ایکسچینج: کاروباری ہفتے میں بلند ترین سطح 99 ہزار 623 رہی
کراچی (این این آئی)پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے کاروباری ہفتے کے اختتام پر اپ ڈیٹس سامنے آ گئیں۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے میں مثبت...