مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے کوششوں میں کسی حکومت کی نیت پر شک نہیں کیا جا سکتا، نوابزادہ افتخار احمد بابر

0
316

اسلام آباد (این این آئی) وزیر مملکت برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان نوابزادہ افتخار احمد خان بابر نے کہاہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے کوششوں میں کسی حکومت کی نیت پر شک نہیں کیا جا سکتا،اسرائیل جو غزہ میں کر رہا ہے بھارت وہی کچھ کشمیر میں کر رہا ہے،مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدامات آر ایس ایس کی ہندوتوا پالیسی کے نفاذ کا واضح ثبوت ہیں،ہمیں کشمیریوں پر مظالم کی روک تھام کے لیے اپنی پالیسیوں میں یکسوئی لانی ہوگی،اختلافات کو پس پشت رکھ کر ہمیں مسئلہ کشمیر ،معیشت اور دہشت گردی جیسے اشوز پر اکٹھا ہونا ہوگا۔ جمعہ کو یہاں انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹیجک سٹڈیز میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت امور کشمیر و گلگت بلتستان نوابزادہ افتخار احمد خان بابر نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے ضمن میں انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹیجک سٹڈیز کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی قوم کے دل ہر گھنٹہ اور ہر منٹ اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھکڑتے ہیں۔ وزیر مملکت نے کہاکہ میرے والد نوابزادہ نصراللہ خان نے نے پارلیمنٹ کی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین کی حیثیت سے خدمات سرانجام دیں۔ انہوںنے کہاکہ پانچ فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منانے کے حوالے سے کاوشوں کا وہ بھی حصہ رہے۔ انہوںنے کہاکہ مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے کوششوں میں کسی حکومت کی نیت پر شک نہیں کیا جا سکتا۔ انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی کو مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ایک خصوصی امتیاز حاصل ہے،مسئلہ کشمیر کے حل کی کوششیں پیپلزپارٹی کی بنیاد میں شامل ہے۔ انہوںنے کہاکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے کشمیر کے لیے ہزار سال تک جنگ لڑنے کا عزم کیا،شہید ذوالفقار علی بھٹو کی میراث کو بے نظیر اور بلاول بھٹو زرداری نے آگے بڑھایا ہے۔انہوںنے کہاکہ مقبوضہ کشمیر انسانی حقوق کی پامالی کے حوالے سے ایک المناک مثال بن چکا ہے۔ وزیر مملکت نے کہاکہ 1989 سے لے کر آج تک تقریبا ایک لاکھ کشمیریوں کو شہید کر دیا گیا ہے،سبز ہلالی پرچم میں کشمیری شہدا کا سپرد خاک ہونا ان کی پاکستان سے وابستگی کا کھلا اظہار ہے ۔وزیر مملکت نے کہاکہ قائد اعظم نے کہا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ وزیر مملکت نے کہاکہ 5 اگست 2019 کو بھارت نے غیر قانونی اقدامات سے کشمیر کی مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی کوشش کی،بھارت مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی کو تبدیل کرنا چاہتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں غیر ریاستی کشمیریوں کو 44 لاکھ ڈومیسائل ایشو کر چکا ہے،نئے قوانین کے ذریعے کشمیریوں کی زمین ضبط اور غیر کشمیریوں کو الاٹ کی جارہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ اسرائیل جو غزہ میں کر رہا ہے بھارت وہی کچھ کشمیر میں کر رہا ہے۔ وزیر مملکت نے کہاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں کشمیری نوجوانوں کو ماورائے عدالت شہید کر رہا ہے