جرمنی نے پاکستان کو سماجی شعبوں میں بہتری کیلئے گرانٹ کی منظوری دیدی ، معاہدے پر دستخط

0
397

اسلام آباد (این این آئی) جرمنی نے پاکستان کو سماجی شعبوں میں بہتری کیلئے گرانٹ کی منظوری دیدی ۔ اس حوالے سے اقتصادی امور ڈویژن نے اعلامیہ جاری کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اقتصادی امور ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامئے کے مطابق جرمنی نے پاکستان کو سماجی شعبوں میں بہتری کیلئے گرانٹ کی منظوری دیدی ہے ۔ اس حوالے سے پاکستان اور جرمنی کے مابین ایک کروڑ 85 لاکھ یورو گرانٹ کے معاہدہ پر دستخط کرنے کی تقریب منعقد ہوئی ۔ پاکستان کی جانب سے سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن نور احمد نے معاہدے پر دستخط کئے۔معاہدے کے تحت جرمنی پاکستان کو صحت، توانائی اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں کیلئے فنڈ مہیا کریگا ۔جرمنی پولیو کی روک تھام اور صحت سے وابستہ خواتین کو سہولیات فراہم کریگا ،معاہدے کے تحت جرمنی 15 لاکھ یورو ہارپو ہائیڈل پاور پلانٹ کیلئے مہیا کریگا ،سیکرٹری نور احمد نے کہا کہ صحت، توانائی اور موسمیاتی تبدیلی کے منصوبوں کیلئے تعاون پر جرمنی کے شکر گزار ہیں۔