عمران خان کی گرفتاری: امریکا، برطانیہ،کینیڈا اور یورپی یونین نے ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی

0
95

اسلام آباد (این این آئی)سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد امریکا،برطانیہ،کینیڈا اور یورپی یونین نے اپنے شہریوں کے پاکستان میں سفر کرنے کیلئے ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی۔کینیڈین ہائی کمیشن نے ٹریول ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے اپنے شہریوں کو ہدایت جاری کی کہ پاکستان میں غیر متوقع سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر انتہائی احتیاط برتیں، دہشت گردی،بدامنی اور اغوا کا خطرہ ہے۔ٹریول ایڈوائزری میں کہا گیا کہ کینیڈین شہری علاقائی سطح پر تمام آمدو رفت اور کشمیر،بلوچستان،کے پی میں غیرضروری سفر سے گریز کریں۔کینیڈین ہائی کمیشن کی ٹریول ایڈوائزری کے مطابق اسلام آباد،راولپنڈی،لاہور اور کراچی میں سکیورٹی فورسز ہائی الرٹ پر ہیں،مغربی طرز کے ریسٹورنٹ اور شاپنگ سینٹرز میں محتاط رہیں۔ ٹریول ایڈوائزری میں کہا گیا کہ ان علاقوں میں جانے سے گریز کریں جہاں مظاہرے اور بڑے اجتماعات ہو رہے ہوں۔اس کے علاوہ امریکا،برطانیہ اور یورپی یونین کی جانب سے اسی طرح کی ٹریول ایڈوائزری جاری کی گئی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی احتساب بیورو (نیب) نے چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان کو گرفتار کیا۔