لاہور آرٹس کونسل الحمرا میں ریٹائرڈ ملازمین کی دوبارہ تعیناتی پر فی الفور پابندی لگائی جائے ‘ سہیل بخاری

0
128

لاہور( این این آئی)سینئر ایونٹ آرگنائزر و معروف کالم نگار پیرسیدسہیل بخاری نے نگران وزیر اعلی پنجاب اور نگران صوبائی وزیر اطلاعات وثقافت سے ریٹائرڈ ملازمین کے لاہور آرٹس کونسل الحمرا میں دوبارہ تعینات پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریٹائرڈ ملازمین کروڑوں کی گرایجویٹی اور لاکھوں روپے تنخواہیں وصول کرنے کے بعد دوبارہ ملازمت کیلئے کوشاں ہیں ۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ حکومت پنجاب اور حکومت پاکستان 60سال کی عمر میں ملازمت سے ریٹائرڈ کر دیتی ہے تو پھر دوبارہ بھرتی کرنے کا کیا جواز ہے ۔لاہور آرٹس کونسل الحمرا کے ایک خود مختار ادارہ ہونے کی وجہ سے بورڈ آف گورنرز کی جانب سے اپنی من پسند ترمیم کر کے قومی خزانے کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچایا جاتا ہے اور یہ سلسلہ عرصہ سے جاری ہے – ایک سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر دوبارہ تعیناتی کیلئے بھرپور کوششیں کررہا ہے جو کہ سراسر زیادتی کے زمرے میں آتا ہے ۔پہلے بھی سابق حکومت نے اس شخص کو تمام رولز کو بالا طاق رکھتے ہوئے دو بار ایگزیکٹو ڈائریکٹر لگایا تھا جس کے خلاف انٹی کرپشن میں رشوت لینے کا الزام ہے اور یہ مقدمہ ابھی زیر سماعت ہے ۔قبل ازیں لاہور آرٹس کونسل الحمرا انتظامیہ نے ایک ریٹائرڈ شخص کو دوسری بار کنسلٹنٹ کے طور پر بھرتی کر لیا ہے جو کہ یہ اقدام غیر قانونی ہے ّلاہور آرٹس کونسل الحمرا میں بڑی تعداد میں اضافی ملازمین ہیںجوکہ عوام کے ٹیکسوں کے پیسے کا ضیاع ہے ۔