جاپان میں نالی بھی صاف کی ،وہاں لوگوں کو برابری کے حقوق حاصل ہیں ‘ ساحر لودھی

0
87

لاہور( این این آئی) نامور میزبان و اداکار ساحر لودھی نے کہا ہے کہ جاپان میں نالی بھی صاف کی ہے ، جاپان میں لوگوں کو برابری کے حقوق حاصل ہیں ۔ ایک انٹر ویو میں ساحر لودھی نے کہا کہ جاپان نے مجھے دنیا کا سب سے بڑا سبق دیا کہ میں جس کمپنی میں کام کرتا تھا انہوں نے اوپر رہائش کے لیے فلیٹ دیا تھا ،جب میں صبح کام کرنے کے لیے اترا تو انہوں نے کہا کہ سامنے ایک نالی ہے اسے صاف کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں نے کہا کہ میں یہ صاف کروں گا کہا گیا جی آپ یہ کریں گے تو میں نالی صاف کرنے کی بجائے کھڑا ہو گیا ،تھوڑی دیر بعد ایک عمدہ لباس میں ملبوس شخص بھی نالی کی صفائی کررہا ہے میں نے پوچھا کہ یہ کون ہے بتایا گیا کہ یہ کمپنی کا مالک ہے۔ساحر لودھی کا کہنا تھا کہ یہ سن کر میں نے فوری طور پر صفائی کرنا شروع کردی۔انہوں نے کہا کہ جاپان نے مجھے برابری کے حقوق بھی دکھائی دئیے وہاں یہ نہیں ہوتا کہ ہوٹرز والی گاڑیاں چل رہی ہوں ،وہاں تو رکن اسمبلی بھی اسٹیشن پر کھڑا پرچے بانٹ رہا تھا کہ ہمیں ووٹ دینا۔ساحر لودھی نے بتایا کہ 17 سال کی عمر میں جاپان گیا تھا اور وہی میرا پہلا سفر تھا، مجھے سفر کرنا ہمیشہ سے پسند تھا، ایئرپورٹ پر ٹھہرنا چاہتا ہوں وہاں کے لائونج اچھے لگتے ہیں۔