نیویارک کی ایک شاہراہ کو ”علامہ اقبال ایونیو”کا نام دے دیا گیا

0
292

اسلام آباد/نیویارک (این این آئی)امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے نیو یارک کی ایک شاہراہ کو”علامہ اقبال ایونیو”کا نام دیے جانے پر صدر امریکن پاکستان ایڈووکیسی گروپ علی راشد کو مبارک باد دی ہے۔علامہ محمد اقبال ایک بین الاقوامی سطح کی شخصیت اور پاکستانی قومیت کی علامت ہیں،یہ علامہ اقبال ہی تھے جنہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے الگ وطن کا خواب دیکھا تھا جو 1947 میں شرمندہ تعبیر ہوا۔نیویارک امریکہ کا سب سے مشہور شہر ہے۔ نیو یارک کی شاہراہ کو پاکستان کے قومی شاعر کا نام سے منسوب جانا نہ صرف نیو یارک بلکہ پورے امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کے لئے فخر کا باعث ہے۔ یہ اقدام پاک امریکہ تعلقات میں مضبوطی کا باعث ہوگا۔ سفیر پاکستان نے صدر اے پی اے جی علی راشد کو پاک امریکہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور امریکہ میں پاکستان کی تاریخ اور ثقافت کے بارے میں زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کرنے کے حوالے سے پرعزم کوششوں پر خراج تحسین پیش کیا۔یاد رہے کہ علی راشد اور اے پی اے جی نے امریکی ایوان نمائندگان میں 23 مارچ 2023 کو یوم پاکستان کے طور پر منانے کے لیے قرارداد پیش کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔ نیو یارک کے علاقے رچمنڈ ہل، کوئنز میں 109 سٹریٹ اور 101 ایونیو کا مشترکہ نام رکھا جانا پاکستان کے شاندار ثقافتی ورثے کو تسلیم کرنے کا عکاس ہے جب کہ اس اقدام نے پاکستانی نڑاد امریکیوں کو اپنے ملک کے عظیم رہنماؤں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا موقع فراہم کیا ہے۔اس موقع پر نیویارک سٹی کونسل کی سپیکر ایڈرین ایڈمز نے کہا کہ جوں جوں ہم پاکستان کے یوم آزادی کے قریب پہنچ رہے ہیں مجھے 109 ویں سٹریٹ اور 101 ویں ایونیو کو علامہ اقبال ایونیو کے نام سے منسوب کرنے پر فخر محسوس ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کو اپنے وقت کے معروف شاعروں، اسکالروں اور رہنماؤں کے طور پر سراہا گیا، علامہ اقبال کے کام اور وڑن نے پاکستان کو ایک آزاد ملک کے طور پر تشکیل دیا۔ ان کی میراث آج بھی متحرک پاکستانی کمیونٹی میں زندہ ہے جس نے نیویارک شہر کے ثقافتی تانے بانے میں اپنا حصہ ڈالا ہے۔ مجھے امریکن پاکستانی ایڈووکیسی گروپ کے ساتھ مل کر کام کرنے پر فخر ہے، جوہمارے علاقے کی ترقی، علامہ اقبال کو خراج عقیدت پیش کرنے اور پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کو باضابطہ طور پر تسلیم کرانے کے لیے کوشاں ہے۔ اس موقع پرامریکن پاکستانی ایڈووکیسی گروپ کے بانی اور صدر علی ارشد نے کہا کہ 109 سٹریٹ اور 101 ایونیو کا مشترکہ نام ‘علامہ اقبال ایونیو’ رکھنا ، نیویارک اور پورے امریکہ میں پاکستانی امریکیوں کے لیے ایک یادگار کارنامہ ہے جو پاکستانیوں کی قربانیوں، جانفشانی اور استقامت کا مظہر ہے۔ اے پی اے جی نے اس علاقے کو کمیونٹی سروس کیشاندار کاموں کے لیے استعمال کیا ہے، اور اسے علامہ اقبال جیسے عظیم رہنما ،جو پاکستان کی آزادی میں پیش پیش تھے، کے نام سے موسوم کرنا ایک اعزاز کی بات ہے۔ نام موسوم کرنے کی یہ تقریب دنوں ممالک کی کمیونٹیز کو باہمی طور پر مزید قریب لانے ، ایک دوسرے کی ثقافت کو سمجھنے اور اسے مزید فروغ دینے میں مددگار ہو گی۔