شوبز شخصیات کابجلی ،پیٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے کے تسلسل پر تشویش کا اظہار

0
121

لاہور( این این آئی) شوبز شخصیات نے بجلی اور پیٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے کے تسلسل پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب حالات اس طرف بڑھ رہے ہیں جہاں عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہونے کے قریب ہے ، حالات اس نہج پر پہنچ گئے ہیں عوام واقعی تین سے ایک وقت کی روٹی پر آ گئے ہیں لیکن اقتدار میں بیٹھے لوگوں کو اس کی ذرا بھی پرواہ نہیں ۔ سینئر اداکار شبیر جان ، بشریٰ انصاری ،فیصل قریشی، ماریہ واسطی ، اسلم محمود ،روبینہ اشرف ،افتخار ٹھاکر، امانت چن ، ہما علی ، گلوکارہ سائرہ نسیم ، عارف لوہار ، شبنم مجید نے اپنے بیانات میں کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں 26روپے فی لیٹر اضافہ ظلم کی انتہا ہے ، اس سے ہر طرح کی مصنوعات مہنگی ہوں گی اور مہنگائی کاسونامی آئے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں عجیب نظام ہے جس میں بجلی اور پیٹرولیم سمیت ہر چیز نے مہنگا ہی ہونا ہوتا ہے ، حالیہ چند سالوں میں عوام ریلیف جیسے لفظ سے ناآشنا ہو گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں اورپالیسی سازوں سے ہاتھ جوڑ کر گزارش ہے کہ مہنگائی کے طوفان کے آگے بند باندھیں بصورت دیگر اب ایسے حالات پیدا ہونے جارہے ہیں جنہیں کنٹرول کرنا کسی کے بس میں نہیں رہے گا۔