اسرائیل بین الاقوامی جنگی قوانین کا احترام کرے،جوبائیڈن

0
255

واشنگٹن (این این آئی) امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ میں جاری کارروائیوں میں بین الاقوامی جنگی قوانین کا احترام کرے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیل سے کہا کہ وہ غزہ کی پٹی سے حماس کے حملے کے جواب میں جنگ کے قوانین کا احترام کرے۔ انہوں نے ایران کو موجودہ تنازع میں مداخلت کے نتائج سے خبردار کیا ہے۔جو بائیڈن نے امریکا میں یہودی امریکیوں کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران کہا کہ میں نے اسرائیلی وزیر اعظم (بنجمن نیتن یاہو)سے ایک اہم بات کی ہے۔ وہ یہ ہے کہ یہ واقعی اہم ہے کہ اسرائیل، تمام تر غصے اور ناراضی کے باوجود جنگ کے قوانین کے مطابق کام کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں نے ایرانیوں کو واضح پیغام بھیجا ہے کہ وہ غزہ جنگ سے خود کو دور رکھیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم اسرائیل اور دنیا بھر میں اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے تاکہ اسرائیل کو اپنے شہریوں کے دفاع کے حق کو یقینی بنایا جا سکے۔