مسجد اقصیٰ کی جھلک کیساتھ ‘صلاح الدین ایوبی’ کا پہلا ٹیزر جاری

0
306

انقرہ(این این آئی)ترکیہ اور پاکستان کے نجی پروڈکشن ہائوسز کے اشتراک سے بنایا جانے والا تاریخی ڈرامہ ‘صلاح الدین ایوبی’ کا پہلا ٹیزر جاری کر دیا گیا۔یہ ٹیزر صلاح الدین ایوبی کا کردار ادا کرنے والے ترک اداکار اغور غنیش سمیت ڈرامے کے پروڈیوسرز میں شامل پاکستانی اداکار عدنان صدیقی نے بھی سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔اس ٹیزر میں مسجد اقصیٰ کو بھی دکھایا گیا ہے جسے ڈرامے میں موجود اداکار دور سے کھڑے دیکھ رہے ہیں۔اگست 2021 میں اعلان کیا گیا تھا کہ پاکستان اور ترکیہ کے پروڈکشن ہاؤسز مشترکہ طور پر یہ ڈرامہ بنائیں گے جس میں ترک اداکاروں سمیت پاکستانی اداکار شامل ہوں گے۔جنوری 2022 میں خبر سامنے آئی کہ ڈرامہ سیریل سلطان صلاح الدین ایوبی کی کاسٹ کے لیے لاہور میں 6 ہزار افراد نے آڈیشنز دیے جن میں سے چند اداکاروں کو شارٹ لسٹ کیا گیا۔اگست 2022 میں پروڈیوسرز کی جانب سے بتایا گیا کہ ڈرامے کی شوٹنگ کے لیے ترکیہ میں سیٹ تیار ہوا ہے۔رپورٹ کے مطابق شارٹ لسٹ افراد میں سے ابھی صرف 4 اداکاروں کو کاسٹ کیا گیا ہے جن میں معروف اداکارہ عائشہ عمر، اشنا شاہ، اداکار فرحان علی آغا اور عدنان جیلانی شامل ہیں۔اس تاریخی ڈرامے کا ٹیزر آتے ہی مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی تاہم یہ ڈرامہ کب اور کہاں نشر کیا جائے گا، اس حوالے سے تاحال کوئی تفصیلات سامنے نہ آسکیں۔واضح رہے کہ ایوبی سلطنت کے بانی سلطان صلاح الدین نے صلیبیوں کو شکست دی تھی اور 1187 میں 9 دہائیوں بعد مسلمانوں کے قبلہ اول بیت المقدس کو دوبارہ آزاد کرایا تھا۔