پاکستانی نژاد ایمان ولانی ”کیپٹن مارول 2” میں کاسٹ

0
371

لندن (این این آئی)تین دن قبل ہی ہولی وڈ سائنس فکشن سپر ہیرو فلمیں بنانے والے ادارے ماورل اسٹوڈیو نے تصدیق کی تھی کہ دنیا کی پہلی مسلم سپر وومن ویب سیریز”مس مارول” میں پاکستانی اداکارہ نمرہ بچہ کو بھی کاسٹ کرلیا گیا۔اور اب خبر سامنے آئی ہے کہ پہلی سپر وومن ویب سیریز ”مس مارول” میں مرکزی کردار ادا کرنے والی پاکستانی نژاد امریکی اداکارہ 16 سالہ ایمان ولانی کو آنے والی سائنس فکشن فلم ”کیپٹن مارول 2” میں کاسٹ کرلیا گیا۔ملٹی نیشنل فیشن و شوبز میگزین ہارپر بازار نے اپنی رپورٹ میں مارول اسٹوڈیو اور ”کیپٹن مارول” فلم سیریز کی ٹیم کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ سیریز کی دوسری فلم میں پاکستانی نژاد اداکارہ بھی ایکشن میں دکھائی دیں گی۔”کیپٹن مارول” کی پہلی فلم 2019 میں عالمی یوم خواتین پر ریلیز کی گئی تھی، جس نے ریکارڈ کمائی کی تھی، اس فلم میں کیپٹن مارول کا کردار اداکارہ بری لارسن نے ادا کیا تھا۔”کیپٹن مارول” کا سپر ہیرو سائنس فکشن کردار مذکورہ فلم سے قبل متعدد فلموں، ویب سیریز اور کتابوں میں دکھایا جا چکا تھا، تاہم پہلی بار اس کردار پر بنائی گئی فلم کو گزشتہ برس ریلیز کیا گیا تھا۔اور اب اس کردار کی دوسری فلم کو 2022 تک ریلیز کیا جائے گا، جس میں کئی نئے کردار شامل کیے جائیں گے اور ان کرداروں میں پہلی مسلم سپر ہیرو وومن کا کردار ”مس مارول” بھی شامل ہوگا۔”مس مارول” کے کردار کا نام کمالہ خان ہوتا ہے جو ایک پاکستانی نژاد امریکی خاتون ہوتی ہیں، جو خصوصی صلاحیتوں کی مالک ہوتی ہیں۔اسی کردار پر مارول اسٹوڈیو نے ”مس مارول” کے نام سے ویب سیریز بنانے کا اعلان کر رکھا ہے، جسے 2021 کے وسط تک ریلیز کیا جائے گا، جس میں پاکستانی اداکارہ نمرہ بچہ بھی اہم کردار میں دکھائی دیں گی۔