40سے زیادہ ممالک نے برطانیہ سے آنے والے مسافروں کے داخلے پر پابندی

0
739

لندن(این این آئی)برطانیہ میں کرونا وائرس کی نئی لہرپھیلنے کے بعد دنیا کے 40 سے زیادہ ممالک نے وہاں سے آنے والے مسافروں کے داخلے پر پابندی عاید کردی ہے اور اس کے ساتھ فضائی روابط بھی منقطع کردیے ہیں جس کے بعد برطانیہ دنیا سے کٹ کررہا گیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق برطانوی دفترخارجہ دولتِ مشترکہ اور ترقی نے اعلان کیا کہ درج ذیل ممالک نے برطانیہ سے آنے والے مسافروں کے داخلے پر پابندی عاید کردی ہے،آسٹریلیا، بیلجیئم ، بلغاریہ ، کینیڈا ، کولمبیا،کروشیا ، جمہوریہ چیک ، ڈنمارک ، ایسٹونیا ، فِن لینڈ ، فرانس ، جرمنی ، ہانگ کانگ ، ہنگری ، بھارت،آئرلینڈ ، اسرائیل ، اردن ، لٹویا ، لیتھوانیا ، لکسمبرگ ، نیدرلینڈز، ناروے ، پولینڈ ، پرتگال ، رومانیہ ، روس ، سلواکیہ ، اسپین،سویڈن ، سوئٹزرلینڈ ، تھائی لینڈ ، تونس اور ترکی۔یونان نے برطانیہ سے آنے والے مسافروں کے لیے ایک نیا ضابطہ متعارف کرایا ہے اور ان پر ملک میں آمد کے بعد سات روز تک قرنطین میں رہنے کی پابندی عاید کردی ہے۔چلی نے گذشتہ چودہ روز کے دوران میں برطانیہ میں قیام کرنے والے تمام غیرملکی شہریوں کے داخلے پر پابندی عاید کردی ہے۔جرمنی نے 31 دسمبر تک اور نیدرلینڈز نے نئے سال کے آغاز تک برطانیہ سے آنے والی پروازوں کے داخلے پر پابندی عاید کردی ہے۔اسپین نے منگل سے تاحکم ثانی برطانیہ سے آنے والی پروازوں کو معطل کرنے کا اعلان کیا تاہم ہسپانوی شہریوں یا ہسپانوی اقامت کے حامل افراد کو لانے والی پروازیں اس پابندی سے مستثنی ہوں گی۔ اسپین نے جنوبی مغربی ساحلی علاقے میں برطانوی کالونی جبرالٹر ( جبل الطارق)کے ساتھ سرحدی کنٹرول کو مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔