اسامہ قتل کیس،جے آئی ٹی نے تمام ملزم پولیس اہلکاروں کے بیانات قلم بند کرلیے

0
314

اسلام آباد (این این آئی) اسلام آباد میں پولیس اہلکاروں کی گولیوں سے قتل ہونے والے نوجوان اسامہ کے کیس کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی کا پہلا باضابطہ اجلاس ایس پی صدر سرفراز ورک کی زیر صدارت ہوا، جس میں جے آئی ٹی نے تمام ملزم پولیس اہلکاروں کے بیانات قلم بند کرلیے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں ڈی ایس پی رمنا اور ڈی ایس پی انویسٹی گیشن اور ایس ایچ او رمنا شریک ہوئے۔اجلاس میں جے آئی ٹی نے کیس فائل اور ایف آئی آر کا تفصیلی جائزہ لیا، جے آئی ٹی کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسامہ کی گاڑی کا فرانزک بھی کروا لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی نے اسامہ کے قتل کی جگہ کا معائنہ بھی کیا، جے آئی ٹی نے ملزمان پولیس اہلکاروں کے علاوہ دیگر ڈیوٹی ملازمین کو بھی بلا لیا۔جے آئی ٹی نے وائرلیس لاگ بک کو قبضے میں لے کر اس کا جائزہ لیا، جے آئی ٹی نے جیو فینسنگ کے ذریعے موبائل فونز کا ڈیٹا بھی حاصل کرلیا۔ذرائع کے مطابق اسامہ کے جسم کے نمونوں اور فائرنگ میں استعمال اسلحہ کی رپورٹ طلب کرلی گئی، جے آئی ٹی کا اگلا اجلاس اب جمعہ کو ہوگا۔