نواز شریف پاسپورٹ بنوا کر کسی اور ملک جا سکتے ہیں، شہزاد اکبر

0
396

اسلام آباد (این این آئی) مشیر احتساب و داخلہ شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے نیا پاسپورٹ بنوا کر کسی اور ملک جانے کا خدشہ ہے۔مشیر احتساب و داخلہ شہزاد اکبر نے ایک انٹرویومیں کہا کہ نواز شریف کے پاسپورٹ کی معیاد فروری کے دوسرے ہفتے میں ختم ہو رہی ہے اور تجدید کے لیے نوازشریف کو خود درخواست دینی ہو گی۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی درخواست کے بعد ہی حکومت فیصلہ کرے گی تاہم خدشہ ہے کہ نواز شریف پاسپورٹ بنوا کر کسی اور ملک جا سکتے ہیں۔بیرسٹر شہزاد اکبر نے اسلام آباد واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی فائرنگ سے شہریوں کی ہلاکت کا واقعہ پہلی بار نہیں ہوا تاہم تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی جا چکی ہے اور بہت جلد حقائق سامنے آجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پولیس اصلاحات پر کام ہو رہا ہے اور ہم بہتری کی جانب جائیں گے۔ پولیس کا نوجوان پر فائرکھولنا غیر قانونی عمل تھا کیونکہ شہری پر فائر نہ کھولنا پولیس کی تربیت کا حصہ ہے۔مشیر احتساب و داخلہ نے کہا کہ مقتول اسامہ پر فائرنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی ضرور ہو گی۔ فریقین میں صلح اور راضی نامہ ریاست کی ذمہ داری ہے تاہم اسامہ کے ساتھ ظلم ہوا ہے اور ملزمان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آبا د پولیس اصلاحات سے متعلق قانون سازی کی رپورٹ عدالت کو دینی ہے۔ پولیس کا نظام دہائیوں سے ناقص ہے اور سسٹم کو بہتر کرنے میں وقت تو لگتا ہے۔