عالمی برادری کشمیریوں کو حق خودارادیت کی فراہمی کیلئے اقدامات کرے، وزیر اعظم

0
301

اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم عمران خان نے کشمیریوں کے یوم حق خودارادیت کے موقع پر عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ کشمیریوں کو ان کے حقِ خودارادیت کی یقینی فراہمی کے لیے اقدامات کرے۔کشمیریوں کے یوم حق خودارادیت کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ 73 برس تک ظالمانہ بھارتی تسلط کا جبر سہنے کے باوجود اہلِ کشمیر نسل در نسل اپنے اس ناقابلِ انتقال حقِ خودارادیت کے حصول کے مطالبے پر ڈٹ کر کھڑے ہیں جس کی ضمانت انہیں اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی جانب سے دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ 5جنوری 1949 کو اقوام متحدہ نے جموں و کشمیر کے عوام کو ایک غیر جانبدارانہ استصوابِ رائے کے ذریعے حقِ خودارادیت کی ضمانت دی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان تاریخِ جدید کے سب سے بے رحم، غیر انسانی اور غیرقانونی تسلط کے جبر سے آزادی کی جدوجہد میں اہل کشمیر کے ساتھ بالکل واضح اور غیر مبہم انداز میں کھڑا ہے۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہم اس دن کو اقوام متحدہ اور اس کی رکن ریاستوں کو اہلِ کشمیر سے کیے گئے اس ادھورے عہد کی یاد دہانی کے طور پر مناتے ہیں جس کا نبھایا جانا ابھی باقی ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہم عالمی برادری سے التماس کرتے ہیں کہ قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں خواتین اور بچوں سمیت معصوم کشمیریوں کے انسانی حقوق کی بے دھڑک پامالیوں کے خلاف اور کشمیریوں کو ان کے حقِ خودارادیت کی یقینی فراہمی کے لیے اقدامات کریں۔