مچھ میں ظلم و بربریت پر پوری پاکستانی قوم اور وزیراعظم رنجیدہ ہیں ، وزیراطلاعات

0
361

اسلا م آباد (این این آئی)وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ مچھ میں ظلم و بربریت پر پوری پاکستانی قوم اور وزیراعظم رنجیدہ ہیں ، یہ انسانی مسئلہ ہے ، وزیر اعظم کوئٹہ ضرور جائیں گے ،کسی کی تکلیف پر سیاسی سکورنگ نہیں ہونی چاہیے ،شہریوں کے جان ومال کی حفاظت حکومت کا فرض ہے ،دہشتگردی بالکل ختم نہیں ہوئی ، ہم سب کو ملکر دشمن کے عزائم کو خاک ملانا چاہیے ،شہریوں کا تحفظ حکومت کا فر ض ہے ،ہماری اولین ترجیح ہے مستقبل میں ایسے واقعات نہ ہوں اور گھنائونے لوگوں کو گرفتار کرکے کیفر کر دار تک پہنچایا جائے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہاکہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ ظلم و بربریت سے مچھ میں لوگوں کو شہید کیا گیا ، وزیراعظم اور پاکستانی قوم کافی رنجیدہ ہیں ۔انہوں نے کہاکہ یہ بات بھی ذہن میں رکھنی چاہیے کہ بد قسمتی سے بلوچستان میں دہشتگردی کی کارروائیاں بہت ہوتی تھیں اب اللہ تعالیٰ کے فضل سے کافی کم ہو گئی ہیں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ کارروائیاں بالکل ختم ہو گئی ہیں ،دہشتگردی قومی مسئلہ ہے ، ہم ان گناہوں کی سزا پارہے ہیں جو کہ ہمارے ماضی کے حکمرانوں نے فیصلے کئے ۔ انہوں نے کہاکہ ماضی میں پی ایس سمیت ایسے دلخراش واقعات رونما ہوئے ہیں ، سیاسی جماعتوں کے رہنما کوئٹہ گئے ہیں اچھی بات ہے ،یہ انسانی مسئلہ ہے ، اس پر سیاست نہیں کر نی چاہیے ۔ انہوں نے کہاکہ بعض اوقات جب چیزیں سلجھائو کی طرف سے جارہی ہوتی ہیں تو کچھ ایسے لوگ ہیں جو چیزوں کو بگاڑپیداکر نے کیلئے کوئی ایسی بات کر دیتے ہیں جس سے معاملات الجھائو کی طرف چلے جاتے ہیں ۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ وزیر اعظم بالکل کوئٹہ جائیں گے لواحقین سے ملاقات بھی کریں گے،حکومتی وزیر کی حیثیت سے یہ کہوں گا کہ لاشوں کی تدفین کی جائے ، تدفین کو وزیر اعظم کے دورے سے منسلک نہیں کر ناچاہیے۔انہوں نے کہاکہ یہ واقعہ نہیں ہونا چاہیے تھا ، سیکورٹی ادارے کام کررہے ہیں ۔