وزارت اطلاعات کا ملک بھر کے اخبار فروشوں کیلئے امدادی پیکج کا اعلان

0
318

اسلام آباد(این این آئی)وزارت اطلاعات کی جانب سے بیت المال کے اشتراک سے ملک بھر کے اخبار فروشوں کے لیے امدادی پیکج کا اعلان کر دیا گیا ہے جبکہ وفاقی وزیراطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ہر پالیسی میں غریب طبقے کا خصوصی خیال رکھا ہے،اخبار فروشوں کے لیے پیکج سے ان کے مسائل حل ہوں گے۔ وزیر اطلاعات ، سیکرٹری اطلاعات اور ایم ڈی بیت المال نے مشترکہ پریس کانفرنس کی ۔ ملک بھر کے اخبار فروشوں کیلئے بیت المال کی جانب سے امدادی پیکج کا اعلان کیا گیا ۔ وفاقی وزیراطلاعات نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے اپنی ہر پالیسی میں غریب طبقے کا خصوصی خیال رکھا۔سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ ملک بھر میں انتہائی غریب افراد کیلئے پناہ گاہیں ، لنگر خانے تعمیر کرائے گئے۔ انہوں نے کہاکہ معاشرے کے غریب اور پسماندہ طبقے کی فلاح کیلئے احساس پروگرام شروع کیا گیا،بدقسمتی سے ماضی میں ملکی وسائل کی منصفانہ تقسیم نہیں ہوئی۔وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ ماضی میں فاٹا، جنوبی پنجاب اور بلوچستان کو مکمل نظر انداز کیا گیا،وزیراعظم ترقیاتی عمل میں غریب اور پسماندہ علاقوں کو ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اخبار فروشوں کی دیکھ بھال اور فلاح و بہبود وزارت اطلاعات کا فرض ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ تمام اخبار فروشوں کو وزارت اطلاعات میں خوش آمدید کہتا ہوں،اخبار فروشوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ٹکا خان ہمیشہ مجھ سے رابطے میں رہے ۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ یہ ملک اتنا غریب نہیں جتنا کردیا گیا ہے،وزیراعظم ترقیاتی عمل میں غریب طبقات کو ساتھ لے کر چکنا چلنا چاہتے ہیں ۔وزیراطلاعات نے وزیراعظم کے کوئٹہ جانے سے متعلق سوال کا جواب دینے سے گریز کیا۔ انہوں نے کہاکہ سانحہ مچھ کے حوالے سے کہاکہ یہ نہیں کہہ سکتے کہ ہمارا ملک دہشتگردی سے مکمل آزاد ہوگیا ہے۔وفاقی سیکرٹری اطلاعات زاہدہ پروین نے کہاکہ ہر نیوز ہاکر کو سال میں 6لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت میسر ہو گی۔ انہوں نے کہاکہ نیوز ہاکر کے بچوں کے تعلیمی اخراجات بیت المال برداشت کرے گا ،نیوز ہاکر کو خصوصی طور پر 60ہزار روپے بغیر سود قرض بھی فراہم کیا جائے گا۔