آن لائن ٹیکسی ڈرائیور کا قاتل گرفتار

0
300

لاہور(این این آئی) پولیس نے آن لائن ٹیکسی ڈرائیور کا قاتل گرفتارکرلیا۔پولیس کے مطابق ملزم طاہر کو اس کے دوست محسن کی نشاندہی پرگرفتار کیا گیا جس نے دورانِ تفتیش ٹیکسی ڈرائیور محمد علی کے قتل کا اعتراف بھی کیا ہے۔پولیس کے مطابق ملزم نے بیان میں بتایا کہ اس نے لڑکی سے ملنے کیلئے رائیڈ بک کی، دیر ہوئی تو ڈرائیور نے گاڑی سے اترنے کا کہا جس پر ڈرائیور سے جھگڑا ہوا اور اسے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔پولیس نے گزشتہ روز مرکزی ملزم طاہر کے دوست محسن کو گرفتار کیا تھا جس نے نشاندہی کی تھی کہ مقتول محمد علی کی آخری رائیڈ اس کے دوست طاہر نے بک کرائی تھی جس پر پولیس نے ملزم کی تلاش شروع کی تھی۔واضح رہے کہ 6جنوری کو قتل کیے جانے والے آن لائن ٹیکسی ڈرائیور محمد علی کی لاش ساندہ کے علاقے سے ملی تھی۔بھوگی وال باغبانپورہ کے رہائشی26 سالہ نوجوان محمد علی نے 4 اور 5 جنوری کی درمیانی شب شالیمار کے علاقے سے رائیڈ بک کی تھی جس کے کچھ دیر بعد اہل خانہ سے رابطہ ہوا اور پھر موبائل فون بند ہوگیا، ورثا نے اغوا کا مقدمہ درج کرایا تھا اورچند گھنٹوں بعد لاش ساندہ کے علاقے سے ملی تھی۔