نئے بزنس ماڈل کے ذریعے ریلوے کو پائوں پر کھڑا کرینگے، اعظم سواتی

0
310

لاہور( این این آئی)وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی نے کہا ہے کہ فریٹ آمدن کے ہدف کو 19ارب سے 36ارب تک لے کر جارہا ہوں ، سکول او رہسپتال چلانا میرا کام نہیں ہے جہاں نقصان ہوگا اسے آئوٹ سورس کیا جائے گا ، تاخیر کی وجہ سے ایک روز کا 60ہزار ڈالر کا نقصان ہورہا ہے ، سگنلز منصوبے میں کرپشن اور بے قاعدگیوں بارے ریفرنسزکو جلد نمٹانے کیلئے چیئرمین نیب سے ملاقات کی اور انہوں نے ایک ہفتے میں اسے نمٹانے کی یقین دہانی کرائی ہے ، ہم سے 100 روز کا حساب تو لیا جاتا ہے لیکن جنہوں نے تین سے چار دہائیوں میں معیشت کو تباہی کے دہانے پر پہنچایا ان سے نہیں پوچھا جاتا ،اپوزیشن جب اسمبلیوں سے استعفے دے گی تو مٹھائی تقسیم کروں گا، براڈ شیٹ میں جن کے ہاتھ کالے ہوئے وہ سامنے آئیں گے اور ان کے منہ بھی کالے ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے ریلوے ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ اعظم خان سواتی نے کہا کہ اگر عمران خان تنقید برداشت کررہاہے تو میں بھی تنقید برداشت کروں گا، ریلوے کو ٹھیک کرنا ہے تو بات کو سیاق و سباق سے ہٹ کر نہ بیان کیاجائے، اگر ہم نے ریلوے کو درست کرنا تو اسے بزنس ماڈل سے ہی دوبارہ کھڑا کیا جا سکتا ہے ،اگر میں اپنی ذات کے لئے امریکہ میں کامیاب بزنس کر سکتا ہوں تو ریلوے کو بھی اسی طرز پر چلائوں گا۔ انہوں نے کہا کہ ریل کاپ کمپنی کا سربراہ ڈی ایس راولپنڈی ہے ، کنسٹرکشن فل ٹائم جاب ہے ، ایسے میں کوئی شخص کیا بزنس لا کر دے گا