کسی کی دل آزاری کر کے انسان کبھی خوش نہیں رہ سکتا ‘ریشم

0
424

لاہور ( این این آئی) نامور اداکارہ ریشم نے کہا ہے کہ میں یقین سے کہتی ہوں کہ کسی کی دل آزاری کر کے انسان کبھی خوش نہیں رہ سکتا ، خوش کلامی کے دو بول آپ کا مرتبہ بلند کر دیتے ہیں ،شوبز سے ہٹ کر بھی میرا حلقہ احباب ہے اور میںدوستی کو صرف محبت اور اخلاص کے پیمانے میں تولتی ہوں ۔ ایک انٹر ویو میں گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ شوبز کی دنیا میں حسد عام سی چیز ہے مگر حسد کرنے والا بے چینی اور اضطراب کا شکار رہتا ہے بلکہ اسے نقصان اٹھانا پڑتا ہے ، چار دن کی مختصر سی زندگی میں اگر ہم ایک دوسرے کیلئے اچھا سوچیں تو معاشرے میں بڑی مثبت تبدیلی آسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دین اسلام اخلاق کی بنیاد پر پوری دنیا میں پھیلا اور آج پوری دنیا میں اسلام روشنی کی طرح پھیل چکا ہے اور اس کا بنیادی سبب صرف اخلاقیات ہے کیونکہ اسلام میں جبر کی کوئی گنجائش نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے رویے میں بھی اخلاقیات کا وصف پیدا کرنا ہو گا اور ایک دوسرے کیلئے اپنے دلوں کا بڑا کر کے ہم دوسرے کی نظر میں اپنی عزت پیدا کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ خدا کا شکر ہے کہ میں شوبز میں حسد جیسی بیماری سے کوسو دور ہوں ۔