سینیٹ انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن نے امیدواروں کیلئے ضابطہ اخلاق کا مسودہ تیار

0
288

اسلام آباد (این این آئی)سینیٹ انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن نے امیدواروں کیلئے ضابطہ اخلاق کا مسودہ تیار کرلیاہے،سیاسی جماعتیں اورامیدواران انتخابات کے پر امن اور بہتر انعقاد کیلئے تمام قوانین پر عملدرامد کریں گی۔چار مارچ کو ہونے والے سینیٹ انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق تیار کرلیا ہے، تیارکئے گئے مسودے میں کہا گیا کہ تمام جماعتیں اور امیدوار الیکشن کمیشن کی ساکھ کو نقصان پہنچانے سے گریز کریں گے،کسی کو پاکستان یا ملک کی خود مختاری ،استحکام اور سلامتی کے خلاف بات کرنے کی اجازت نہیں ہوگی اور ایسی باتوں سے اجتناب کرنا ہوگا جس سے عدلیہ کی آزادی یا خود مختاری متاثر ہو، ضابطہ اخلاق کے مطابق ایسی بات کی اجازت نہیں ہوگی کہ عدلیہ اور افواج پاکستان کی شہرت کو نقصان ہو۔ کوئی بھی امیدوار کاغذات نامزدگی واپس لینے کیلئے کوئی تحفہ تحائف یا لالچ نہیں دیگا،انتخابی امیدواران اور ان کے حمایتی کسی سرکاری ادارے، ملازم سے کسی طرح کی امداد حاصل نہیں کریں گے،الیکشن سے متعلق اخراجات کیلئے امیدواران شیڈولڈ بینک میں مخصوص اکاؤنٹ کھولنے کے پابند ہونگے۔تمام عطیات اور امداد اسی اکاؤنٹ میں جمع کئے جائیں گے،امیدوار تمام انتخابی اخراجات فراہم کردہ اکاؤنٹ سے کرنے کا پابند ہوگا۔اگر کوئی شخص کسی امیدوار کے انتخابی اخراجات برداشت کرے گا تو وہ اسی امیدوار کا خرچہ تصور کیا جائے گا،ضابط اخلاق کے مطابق تمام امیدواران انتخابی اخراجات ریٹرننگ آفیسر کے پاس جمع کروانے کے پابند ہوں گے۔