ابوظہبی (این این آئی )متحدہ عرب امارات کی فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ بھارت ، جنوبی افریقا اور نائجیریا سے آنے والے مسافروں کے ملک میں داخلے پر پابندی برقرار ہے اور اس میں کوئی تبدیلی رونمانہیں ہوئی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق محکمہ شہری ہوابازی نے یہ وضاحت امارت دبئی کے ایک اعلان کے بعد جاری کی جس میں اس نے کہا کہ ان تینوں ممالک سے تعلق رکھنے والے مسافروں کے داخلے پر عاید پابندی میں نرمی کی جارہی ہے۔یو اے ای کی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ائیرمین (نوٹام)کو جاری کردہ ایک نوٹس میں اپنے 21 جون کے ایک اعلامیے کا حوالہ دیا ۔اس میں پاکستان سمیت تیرہ ممالک سے آنے والے مسافروں کے یواے ای میں داخلے پر پابندی عاید کردی گئی تھی۔جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ایک نمایندے نے وضاحت کی کہ بھارت سے آنے والے مسافروں کے یواے ای میں داخلے پر بدستور پابندی برقرار ہے لیکن انہوں نے واضح کیا کہ دبئی حکومت اس ضمن میں اپنی وضاحت جاری کرے گی۔