ملک بھر کی بار ایسوسی ایشنز کا جونیئر جج کی سپریم کورٹ میں تعیناتی کیخلاف 9ستمبر کو ملک گیر عدالتی بائیکاٹ کا اعلان

0
252

کراچی(این این آئی)آل پاکستان لائرز کنونشن میں پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ، سندھ ہائیکورٹ سمیت ملک بھر کی بار ایسوسی ایشنز نے سینئرزججز کو نظر انداز کرکے جونیئر جج کی سپریم کورٹ میں تعیناتی کیخلاف 9 ستمبر کو سپریم کورٹ کے سامنے دھرنا دینے اور ملک گیر عدالتی بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔دھرنا جوڈیشل کونسل کے اجلاس کے موقع پر دیا جائے گا۔ سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے تحت شہدائے کوئٹہ ہال میں آل پاکستان وکلا کنونشن کا انعقاد کیا گیا۔ وکلا کنونشن میں پاکستان بار کونسل، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن، سندھ بار کونسل، سندھ ہائیکورٹ بار ایسوی ایشن، کراچی بار ایسوسی ایشن اور ڈسٹرکٹ ملیر بار ایسوسی ایشن سمیت ملک بھر کی بار ایسوسی ایشنز کے نمائندے اور سینئر وکلا کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ آل پاکستان وکلا کنونشن سے خطاب میں وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل خوشدل خان خٹک نے 9 ستمبر کو جوڈیشل کمیشن کے اجلاس کے موقع ہڑتال اور سپریم کورٹ کے باہر دھرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جسٹس محمد علی مظہر کی تقرری میں اصولوں کی خلاف ورزی کی گئی ہے اور جونیئر ججز کی تعیناتی آئین کے بھی خلاف ہے۔ پسند اور نا پسند کی بنیاد پر تقرری ناقابل قبول ہے جبکہ ایڈ ہاک تقرری کے بجائے مستقل تعیناتی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس عائشہ ملک بھی جونیئر جج ہیں اور ان کی سپریم کورٹ میں تعیناتی قابل قبول نہیں۔ ہم اصولوں پر سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائیں گے اور بیرسٹر فروغ اے نسیم کی تمام سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔