شاہ محمود قریشی کی ترکمانستان کے صدر سے ملاقات ،افغانستان کی صورتحال سمیت مختلف امور پر غور

0
190

اسلام آباد (این این آئی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اشک آباد میں ترکمانستان کے صدر قربان قلی بردی محمدوف کے ساتھ ملاقات کی جس میں افغانستان کی صورتحال سمیت مختلف امور پرغور کیا گیا ۔ جمعرات کو جاری اعلامیہ کے مطابق وزارتِ خارجہ ترکمانستان کے سینئر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ وزیر خارجہ نے ترکمانستان کے صدر قربان قلی بردی محمدوف کو وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان، ترکمانستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے،پاکستان، تاپی سمیت مختلف منصوبوں کے ذریعے ترکمانستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کے استحکام اور اقتصادی روابط کے فروغ کے لئے پر عزم ہے۔وزیر خارجہ نے ترکمانستان کے صدر کو افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال کے حوالے سے، پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ ہم سمجھتے ہیں کہ ایک پر امن اور مستحکم افغانستان خطے میں تجارت، معاشی ترقی اور روابط کے فروغ کے حوالے سے، یکساں طور پر منفعت کا باعث ہو گا۔ترکمانستان کے صدر قربان قلی بردی محمدوف نے وزیر خارجہ کو ترکمانستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے، افغانستان کی صورتحال کے پیش نظر، علاقائی سطح پر متفقہ لائحہ عمل اپنانے کیلئے،وزیر خارجہ کی عملی کاوشوں کو سراہا۔