مہنگائی، بیروزگاری پر حکومت کیخلاف چھٹکارہ پانے پر جدوجہد جاری رکھیں گے ‘حمزہ شہباز

0
260

لاہور( این این آئی )پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عمران خان نے اپوزیشن سے نہیں قوم سے انتقام لیا، ڈسکہ ضمنی انتخاب پر الیکشن کمیشن کی رپورٹ سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوگیا،عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا، آج غریب کے گھر فاقے ہیں، ہفتہ وار مہنگائی کا انڈیکس 15.21 فیصد ہے، توشہ خانہ کی تفصیل قوم کے سامنے کیوں نہیں رکھتے ؟ پہلے اپنے خلاف جہاد کریں پھر ریاست مدینہ کا نام لیں،مہنگائی، بیروزگاری پر اس حکومت کے خلاف چھٹکارہ پانے پر جدوجہد جاری رکھیں گے ۔عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ حکومت چوری شدہ مینڈیٹ کی پیداوار ہے، قوم جان لے اس شخص کا دوہرا معیار ہے ، اس نے عوام کو جھوٹے خواب دکھائے تھے اور جھوٹ بولے تھے ،یہ چینی چوری کے خلاف جہاد کیوں نہیں کرتے ،عمران نیازی پہلے اپنے خلاف جہاد کریں اور ریاست مدینہ کی بات بعد میں کریں ،انہوں نے اپوزیشن سے نہیں بلکہ عوام سے انتقام لیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی اس قدر پھیل چکا ہے کہ ہسپتالوں میں ایک ،ایک بیڈ پر 2، 2 مریض پڑے ہیں ، ملکی تاریخ کی مہنگی ترین ایل این جی خریدی گئی ، ڈالر آسمان کو چھو رہا ہے ،سردی آئی ہیں اورگیس کا شدید بحران سامنے آنے والا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہم نے کمر کس لی ہے، ہم سے اب عوام کی بھوک نہیں دیکھی جاتی ،آج غریب کے گھر فاقے ہیں ،تمام سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی کا فرض ہے کہ اس کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں ۔انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ (ن)کے دور میں پٹرول 111 ڈالر فی بیرل تھی لیکن ہم نے قیمت 107 روپے فی لیٹر رکھی تھی ،یہ قوم سے جھوٹ بولتے ہیں لیکن حقائق کو جھٹلایا نہیں جا سکتا ۔انہوںنے کہا کہ عمران نیازی توشہ خانہ کیس میں جواب کیوں نہیں دیتے ،فارن فنڈنگ کیس 6 سالوں سے التوا ء کا شکار ہے ،سستا موٹر وے بنانے کا دعوی بھی ان کا ایک اور جھوٹ ہے ،ہماری جماعت نے اب ٹھان لی ہے کہ ہم مہنگائی، بیروزگاری پر اس حکومت کے خلاف چھٹکارہ پانے پر جدوجہد جاری رکھیں گے