چین کا یوکرین میں جوہری تنصیبات کے تحفظ پر زور

0
417

اقوام متحدہ(این این آئی)اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا یوکرین میں جوہری تنصیبات کے تحفظ کے حوالے سے ایک ہنگامی اجلاس ہفتہ کو  منعقد ہوا۔ اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مندوب چانگ جون نے اجلاس میں شرکت کی اور اپنے خطاب میں چین کے موقف کو واضح کیا۔چانگ جون نے کہا کہ چین یوکرین صورت حال کی تازہ ترین پیش رفت پر گہری نگاہ رکھے ہوئے ہے اور زاپوروزئے نیوکلیئر پاور پلانٹ کے بارے میں سامنے آنے والی اطلاعات پر تشویش کا اظہار کرتا ہے۔ چین امید کرتا ہے کہ متعلقہ فریق احتیاط سے کام لیں گے اور مشترکہ طور پر آئی اے ای ایسیکرٹریٹ کی پیشہ ورانہ اور تکنیکی مدد سے یوکرین میں متعلقہ جوہری تنصیبات کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔انہوں نے نشاندہی کی کہ اس وقت سب سے اہم چیز کشیدگی میں کمی ، مزید شہری ہلاکتوں  کی روک تھام اور جلد از جلد سیاسی تصفیے کی راہ پر واپس آنے کے لیے سفارتی کوششوں کو بڑھانا ہے۔ روس اور یوکرین نے براہ راست بات چیت اور مذاکرات کے دو دور منعقد کیے ہیں، اور انسانی ہمدردی کی راہداری کے قیام پر ابتدائی اتفاق رائے پر پہنچ  چکے ہیں۔ چین اس کا خیر مقدم کرتا ہے اور امید کرتا ہے کہ اس سے شہریوں کے بہتر تحفظ اور چینی شہریوں سمیت غیر ملکی شہریوں کے محفوظ انخلائ میں مدد ملے گی۔ چین ،  روس اور یوکرین کی حوصلہ افزائی کرتا ہے کہ وہ سیاسی تصفیے کی عمومی سمت پر قائم رہیں اور بات چیت کے ذریعے ایک ایسے حل تک پہنچیں جو دونوں فریقوں کے جائز خدشات کو دور کرے اور یورپ میں طویل مدتی استحکام کے لیے سازگار ہو۔چانگ جون نے اس بات پر زور دیا کہ چین سیاسی تصفیہ کو فروغ دینے کے لیے تمام سفارتی کوششوں کا خیر مقدم کرتا ہے اور اس سلسلے میں اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گا۔