اتحادی جماعتوں نے ہر نشیب و فراز میں ہمارا ساتھ دیا ہے، اب بھی دیں گی، شاہ محمود قریشی

0
150

اسلام آباد (این این آئی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اتحادی جماعتوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اتحادیوں نے ہر نشیب و فراز میں حکومت کا ساتھ دیا ہے اب بھی دیں گے،بلاول بھٹو کے مطابق سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن تحریک عدم اعتماد میں اپنا کردار ادا کریں،دونوں اداروں کا تحریک عدم اعتماد میں کوئی کردار نہیں ہوسکتا، اداروں کو سیاست میں گھسیٹنا اداروں کے شایان شان ہے نہ ہی مناسب عمل ہے، تحریک عدم اعتما د کا بھرپور مقابلہ کرینگے اور شکست دینگے ۔ پیر کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ میری بلاول سے گذارش ہو گی قومی اور آئینی اداروں کو سیاست میں گھسیٹنا مناسب نہیں ہے،ہم ان شا اللہ عدم اعتماد کی تحریک کا مقابلہ کریں گے اور انہیں شکست دیں گے۔انہوں نے کہا کہ بلاول آرٹیکل 6 کا ذکر کرتے ہیں،آئین سب کیلئے مقدس ہے۔وزیر خارجہ نے بلاول سے پوچھا ہے کہ جب آپ اور آپ کے ابو نوٹوں کے تھیلے لیے ممبران کے دروازوں پر جا کر کہہ رہے ہیں کہ اپنی وفاداریاں تبدیل کرو تو کیا یہ حلف سے روگردانی نہیں؟آئین کی روح کو آپ اور آپ کے والد متاثر کر رہے ہیں،ان غیر آئینی ہتھکنڈوں سے باز رہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مت بھولیے کہ ایسے لوگ بھی ہیں جنہوں نے ہمیں آ کر بتایا ہے کہ آپ ان کے ساتھ کیا گفتگو کر رہے ہیں۔بحیثیت سیاسی کارکن مجھے اور میری جماعت کو اپنے اتحادیوں پر مکمل اعتماد ہے،وہ بہت وضع دار لوگ ہیں انہوں نے ہر مشکل وقت میں ہمارا ساتھ دیا اور وہ اپوزیشن کی سب چالوں کو سمجھتے ہیں۔وہ سب تجربہ کار سیاستدان ہیں اور کسی بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے باشعور عوام سمجھتے ہیں کہ کہ ان کے “ان ہولی الائنس ” کا شیرازہ بہت جلد بکھر جائے گا کیونکہ اپوزیشن اتحاد میں شامل جماعتوں کا کوئی ایک نظریہ اور ایک سوچ نہیں ہے۔وزیر خارجہ نے سوال اٹھایا ہے کہ کیا بلاول نے پیپلزپارٹی کی آئیڈیالوجی کو مولانا کی آئیڈیالوجی میں ضم کر دیا ہے؟ کیونکہ نون لیگ کی اپنی سوچ ہے اگر آپ کا خیال ہے کہ مریم نواز مستقبل کا لیڈر آپ کو سمجھتی ہیں تو یہ آپ کی غلط فہمی ہے،آپ کا نہ نظریہ، نہ قیادت اور نہ ہی منشور ایک ہے