اسٹیبلشمنٹ اور حکومت الگ الگ نہیں، دونوں نے ساتھ چلنا ہوتا ہے،پرویز خٹک

0
239

اسلام آباد (این این آئی)وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ اور حکومت الگ الگ نہیں، ان دونوں نے ایک ساتھ چلنا ہوتا ہے،حکومت کہیں نہیں جارہی، ہمارے اتحادی ہمارے ساتھ ہیں اور ساتھ ہی رہیں گے۔منگل کو انسداد دہشتگردی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں پرویز خٹک نے کہا کہ یہ تمام لوگ عمران خان کے خلاف اکٹھے ہوئے ہیں، پتا نہیں آپ کو کیوں نظر آرہا ہے کہ حکومت جا رہی ہے؟ میں آپ کو یقین سے کہتا ہوں کہ حکومت کہیں نہیں جارہی۔ انہوںنے کہاکہ عدم اعتماد کی تحریک والے دن ہمارا کوئی رکن پارلیمنٹ نہیں جائے گا، ہمارے اتحادی ہمارے ساتھ ہیں اور ساتھ ہی رہیں گے۔اس موقع پر صحافی نے سوال کیا کہ آپ کے ماتحت ادارے واقعی نیوٹرل ہوگئے ہیں؟ اس پر وزیر دفاع نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ اور حکومت الگ الگ نہیں، ان دونوں نے ایک ساتھ چلنا ہوتا ہے۔پرویز خٹک نے کہا کہ ہفتے 20 دن میں آرمی چیف سے ملاقات ہوجاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان بہت زیادہ پراعتماد ہیں، سیاسی جماعتوں کی ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں، جس نے جانا ہے استعفیٰ دے دے، ورنہ اس طرح حلقے کے عوام سے دغا ہوگا،اگر عدم اعتماد کی تحریک میں حصہ لینے کا شوق ہے تو استعفیٰ دیکر مقابلہ کرے۔پرویز خٹک نے کہاکہ جس دن پارلیمنٹ حملہ ہوا میں گھر پر سویا ہوا تھا ،مخالفین نے معلوم نہیں کیوں میرا نام مقدمے میں ڈالا،مخالفین کو کہوں گا کہ سوچ سمجھ کر کام کیا کرو ۔ انہوںنے کہاکہ اپوزیشن کی تمام جماعتیں ایک دوسرے کے خلاف ہیں ،عدم اعتماد کی تحریک والے دن دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا