سری لنکا کے صدر راجا پکشے ملک سے فرار،مالدیپ پہنچ گئے

0
235

کولمبو(این این آئی)شدید معاشی بحران اور احتجاج سے دوچار ملک سری لنکا کے صدر گوتابایا راجا پکشے ملک چھوڑ گئے ہیں جبکہ حکومتی ذرائع نے ان کے مالدیپ پہنچ جانے کی تصدیق کی ہے۔ ملک چھوڑنے سے چند گھنٹے قبل انہوں نے استعفٰی دینے کا فیصلہ بھی کیا تھا۔امیگریشن حکام نے روئٹرز کو بتایا کہ راجا پکشے اپنی اہلیہ اور دو باڈی گارڈز کے ہمراہ ایئرفورس کے جہاز میں ملک سے نکلے۔حکومت کے اہم ذرائع اور راجا پکشے کے قریبی ساتھی کا کہنا ہے کہ وہ اس وقت مالدیپ کے دارالحکومت میل میں ہیں۔حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ زیادہ امکان یہی ہے کہ راجا پکشے وہاں سے کسی اور ایشیائی ملک منتقل ہو جائیں گے۔امیگریشن حکام کے مطابق وہ قوانین کے مطابق صدر کو ملک چھوڑنے سے روک نہیں سکتے تھے۔گذشتہ ہفتے ہزاروں کی تعداد میں مظاہرین کے وزیراعظم ہاؤس میں گھسنے کے بعد راجا پکاسا نے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔رپورٹ کے مطابق صدر کو جمعے کے بعد سے کسی ملک میں کہیں دکھائی نہیں دیے تھے۔سری لنکن پارلیمنٹ کے سپیکر مہندا یپا ابے وردنا کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کا ابھی تک راجا پکشے سے رابطہ نہیں ہوا ہے، جبکہ راجا پکشے کے قریبی ذرائع کہتے ہیں کہ انہوں نے بدھ کو اپنا استعفٰی سپیکر کو بھجوا دیا تھا۔اسی طرح وزیراعظم رانیل وکرما سنگھے بھی استعفٰی دینے کی پیشکش کی ہے، سری لنکن آئین کے بعد اس صورت میں نئے صدر کے انتخاب تک سپیکر کو قائم مقام صدر بنایا جائے گا۔قبل ازیں ابے وردنا نے کہا ہے کہ جمعے کو پارلیمنٹ کا اجلاس بلایا جائے اور نئے صدر کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔راجا پکشے کا خاندان، جس سے وزیراعظم مہندا راجا پکاسا بھی تعلق رکھتے ہیں، سالہاسال سے ملکی سیاست پر غالب رہا ہے اور بڑی تعداد میں سری لنکن عوام ان کو موجودہ مسائل کی وجہ قرار دیتے ہیں