وزارت داخلہ کا سوشل میڈیا کے ذریعے غیراخلاقی مواد کی تشہیر،ساکھ خراب کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

0
182

اسلام آباد (این یان آئی)وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ کی زیر صدارت اجلاس میں سوشل میڈیا کے ذریعے غیراخلاقی مواد کی تشہیر،شہریوں کی ہراسگی اورکردار کشی کی ذریعے ساکھ خراب کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرتے ہوئے سائیبرکرائم میں ملوث ایسے افراد کیخلاف سخت اور فوری ایکشن کیلئے ڈائیریکٹر جنرل ایف آئی اے کو ہدایات جاری کر دیں ۔وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر، آئی جی پنجاب راؤسردارعلی خان، ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے محمدطاہررائے، قائم مقام چئیرمین نادرا بریگیڈیئر (ریٹائرڈ) خالدلطیف اور دیگرحکام نے شرکت کی ۔ اجلاس میں سوشل میڈیا پرشہریوں کی ہراسگی،غیراخلاقی ویڈیوزاپلوڈ کرنے،بلیک میلنگ اورانکی کردارکشی سے متعلق معاملات کاجائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں سوشل میڈیا کے ذریعے غیراخلاقی مواد کی تشہیر،شہریوں کی ہراسگی اورکردار کشی کی ذریعے ساکھ خراب کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے ۔وزیر داخلہ نے سائبرکرائم میں ملوث ایسے افراد کیخلاف سخت اور فوری ایکشن کیلئے ڈائیریکٹر جنرل ایف آئی اے کو ہدایات جاری کیں ۔اجلاس میں سائبرکرائم بالخصوص ہراسگی اور توہین آمیز مواد اپ لوڈ کرنے اوراسکی تشہیر سے متعلق قوانین کو موثر بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔ہراسگی اور کردارکشی کے ذریعے ساکھ خراب کرنے کے معاملے پر PECA 2016 میں ضروری ترامیم لانے کیلئے ورکنگ گروپ تشکیل دے دیا گیا ،ورکنگ گروپ سوشل میڈیا پر ہراسگی، کردارکشی اور توہین آمیز مواد روکنے کیلئے قانون سازی اورانتظامی اقدامات کے حوالے سے معاملات کاجائزہ لے گا،ورکنگ گروپ تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت اور اتفاق رائے سے اپنی مرتب شدہ سفارشات وزارت داخلہ کو پیش کرے گا،شہریوں کی شکایات کیلئے ایف آئی اے نے رابطہ نمبرز بھی جاری کردئیے۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ سوشل میڈیا پرتوہین آمیز مواد اور شہریوں کی کردارکشی کے ذریعے ساکھ خراب کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں،سوشل میڈیا پرغیراخلاقی اور توہین آمیز مواد کی موجودگی اور اسکی تشہیر سے معاشرے میں انارکی اور بیگاڑکا اندیشہ ہےـ انہوںنے کہاکہ ایسے جرائم میں ملوث افراد کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے گا، کاروائی بلا تفریق عمل میں لائی جائیگی۔