اسحاق ڈاراور وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے درمیان وزیر اعلی سیکرٹریٹ میں ملاقات

0
56

کوئٹہ(این این آئی)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے درمیان وزیر اعلی سیکرٹریٹ میں ملاقات ۔اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور وفاقی وزیر تجارت جام کمال بھی اس موقع پر موجود تھے۔دونوں رہنمائوں نے ملاقات کے دوران بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں، امن وامان اور سماجی ترقی کے اقدامات بارے تبادلہ خیال کیا ۔نائب وزیر اعظم نے امن و امان کی بحالی کیلئے صوبائی حکومت کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ انہوں نے صوبے کے وفاقی ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز کے بروقت اجرا کے لئے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کرنے کی بھی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کو دیگر صوبوں کے برابر ترقی کے دھارے میں لانے کے لئے سنجیدہ ہیں ،وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور وفاقی حکومت کو بلوچستان کی ترقی سے لگا اور عوام سے محبت ہے ،صوبے کی ترقی کے لئے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا ۔ملاقات میں وزیر اعلی میر سرفراز بگٹی نے نیک خواہشات اور صوبے کی ترقی کے پختہ عزم پر نائب وزیر اعظم محمد اسحاق ڈار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان حکومت عام آدمی کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے اقدامات کو بار آور بنا رہی ہے ،ہم سمجھتے ہیں کہ وقت سے زیادہ درست سمت کا تعین ضروری ہے ، الحمدللہ گورننس سے جڑے امور کو بتدریج بہتری کی جانب لے جاررہے ہیں ،صوبائی ڈویلپمنٹ پروگرام کو عوامی ضروریات سے ہم آہنگ کررہے ہیں اور صوبے کی تاریخ میں پہلی بار 75 فیصد منظور شدہ ترقیاتی منصوبے بجٹ کا حصہ بنائے گئے ہیں باقی ماندہ 25 فیصد منصوبوں پر بھی تیزی سے پیش رفت جاری ہے ۔وزیر اعلی نے کہا کہ بلوچستان میں گڈ گورننس کے قیام اور سروس ڈلیوری کے نظام کی بہتری کے لئے کوشاں ہیں اور ہر سطح پر موثر جوابدہی اور احتساب کے عمل کو فروغ دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں جاری وفاقی ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل فنڈز کے بروقت اجرا سے مشروط ہے اس لئے ہم وفاقی حکومت سے توقع کرتے ہیں کہ وہ وفاقی ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز کے بروقت اجرا کے لئے اقدام اٹھائے گی۔