چین پاک کمپنیوں کے درمیان چمڑے اور فٹ ویئرک میں 156 ملین ڈالر کے معاہدوں پر دستخط

0
26

گوانگچو(این این آئی)چین کے شہر گوانگچو میں منعقدہ چمڑے اور فٹ ویئر پر پاکستان چین بی ٹو بی انویسٹمنٹ کانفرنس میں چینی اور پاکستانی کاروباری اداروں کے درمیان مجموعی طور پر 156 ملین ڈالر کے ایک درجن معاہدوںپر دستخط کیے گئے ہیں۔گوادر پرو کے مطابق گوانگ چو میں پاکستان کے قائم مقام قونصل جنرل سردار محمد نے اپنے افتتاحی کلمات میں شرکا کو خوش آمدید کہا اور مشترکہ منصوبوں اور سرمایہ کاری کے لئے پاکستان کے امکانات پر زور دیا۔ انہوں نے شرکا کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ پاکستان کی جانب سے پیش کردہ سرمایہ کاری کے مواقع اور مراعات سے فائدہ اٹھائیں۔گوادر پرو کے مطابق انہوں نے بتایا کہ 7 پاکستانی اور 46 چینی کمپنیوں نے 150 سے زائد کاروباری اجلاسوں میں شرکت کی جس کے نتیجے میں 12 سے زائد ایم او یوز اور ایک لیٹر آف انٹنٹ(ایل او آئی) پر دستخط ہوئے جن کی مالیت 15 ملین ڈالر ہے۔سرمایہ کاری بورڈ پاکستان کے سیکرٹری رحیم حیات قریشی نے پاکستان کی سرمایہ کاری پالیسیوں کا تفصیلی جائزہ پیش کیا اور چینی کاروباری اداروں کو دعوت دی کہ وہ پاکستان کو چمڑے اور فٹ ویئرکے شعبے میں سرمایہ کاری کے لئے ایک اہم منزل کے طور پر دیکھیں۔گوادر پرو کے مطابق چائنا لیدر انڈسٹری ایسوسی ایشن کے نائب ڈائریکٹر سوئی لونگ لیو نے خام چمڑے کے ایک اہم درآمد کنندہ اور چمڑے اور فٹ ویئر کی مصنوعات کے سب سے بڑے برآمد کنندہ کے طور پر چین کی حیثیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اس شعبے میں سرمایہ کاری کے لئے ایک پرکشش مقام کے طور پر پاکستان کے امکانات پر بھی روشنی ڈالی۔