چین پاکستان تعلقات کے فروغ کیلئے چین پاکستان میڈیا کوریڈور پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے، وفاقی سیکرٹری اطلاعات عنبرین

0
38

بیجنگ(این این آئی)وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات عنبرین جان نے چین اور پاکستان کے تعلقات کو فروغ دینے اور دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے کیلئے چین پاکستان میڈیا کوریڈور پر توجہ مرکوز کرنے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ جمعرات کو یہاں پاکستان اور چین کی پہلی مشترکہ فلم Batie Girl کے پریمیئر کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی سیکرٹری اطلاعات نے اس بات کی نشاندہی کی کہ وزیراعظم شہباز شریف کے گزشتہ دورہ چین کے موقع پر وزارت اطلاعات و نشریات اور چین کی حکومت کے درمیان فلموں اور ڈراموں کی مشترکہ پروڈکشن کے حوالے سے دو انتہائی اہم مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے تھے۔ ان مفاہمتی یادداشتوں کا مقصد عوام سے عوام کی سطح پر روابط کو مضبوط بنانا اور ایک دوسرے کی ثقافت کو سمجھنا تھا۔ عنبرین جان نے کہا کہ پاکستان اور چین کی فلم انڈسٹریز کے درمیان تعاون کوئی نئی بات نہیں، 1957 سے 1991تک چین میں 12 کے قریب پاکستانی فلمیں دکھائی جا چکی ہیں۔ اس فلم کی تیاری دونوں ممالک کی فلمی صنعتوں کے لئے بڑا اعزاز ہے اور اس اعتماد کا اظہار ہے کہ آنے والے سالوں میں دونوں ممالک کے درمیان فلم انڈسٹری میں مزید تعاون کی راہ ہموار ہوگی۔ تقریب سے چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ یہ فلم ایک فنکارانہ تعاون اور پاک چین گہری دوستی کی نمائندگی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نئی فلموں کی مشترکہ پروڈکشن کے ذریعے اپنے عوام کو ایک دوسرے سے جوڑنے اور قریب لانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ چائنا فلم ایڈمنسٹریشن کے سربراہ ما یو نے پاکستانی وفد کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور Batie Girl فلم کے پریمیئر کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دی۔ فلم 16 دسمبر کو چین کے 7000 سے زائد سینما گھروں میں ریلیزکی جائیگی۔