چوری روکنے کیلئے حکومت کا پیٹرول ڈالنے والی نوزلز ڈیجیٹل کرنے کافیصلہ

0
39

کراچی(این این آئی)وفاقی حکومت نے پیٹرول پمپس پر پیٹرول اور ڈیزل کی چوری روکنے کیلئے بڑا فیصلہ کیا ہے۔وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے سوئی سدرن کے دفتر کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وزارت پیٹرولیم نے پیٹرول پمپس پر چوری اور سمگلنگ کے سدباب کیلئے بڑا فیصلہ کیا ہے۔وفاقی وزیر نے کہاکہ حکومت نے پمپس پر پیٹرول ڈالنے والی نوزلز ڈیجیٹل کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ایک سوال کے جواب میں وزیر پیٹرولیم نے کہاکہ گھریلو گیس کنکشنز کیلئے وزیراعظم سے درخواست کروں گا، مقامی گیس دستیاب نہیں ہے، نئے گھریلو کنیکشنز امپورٹڈ گیس پر ہو سکتے ہیں۔علی پرویز ملک نے کہاکہ بجلی گھر ایل این جی خریداری نہیں کر رہے، ایل این جی نہ خریدے جانے پر 400 ایم ایم سی ایف ڈی مقامی گیس سپلائی روکنی پڑ رہی ہے، پی ڈی ایل بڑھائی گئی لیکن فی الحال پیٹرولیم قیمت پر اس کا اثر نہیں ہے۔امریکا کے ساتھ تجارت سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر پیٹرولیم نے کہاکہ امریکا سے امپورٹ بڑھانے کیلئے کمیٹی بنا دی گئی ہے۔