فلموں سے غائب ہونیوالے”دی ممی” کے ہیروکی فلمی دنیا میں واپسی

0
170

لندن (این این آئی)1999 میں ریلیز ہونے والی فلم ”دی ممی” تو اب بھی لوگوں کے ذہنوں میں زندہ ہے مگر اس میں ہیرو کا کردار ادا کرنے والے برینڈن فریزر کیرئیر کے عروج کے دوران اچانک فلمی دنیا سے غائب ہوگئے تھے۔اب ان کی ایک فلم”دی وہیل” کے ساتھ ایک بار پھر فلمی دنیا میں واپسی ہورہی ہے جس میں ان کے کردار کو وینس فلم فیسٹیول میں سراہا بھی گیا۔دی ممی سیریز کی 3 فلموں کے ساتھ ساتھ وہ جارج آف دی جنگل اور Bedazzled جیسی ہٹ فلموں میں بھی جلوہ گر ہوئے، مگر پھر اچانک ہالی وڈ سے غائب ہوگئے۔اس کی وجہ اداکار نے خود کچھ عرصے پہلے ایک انٹرویو کے دوران بتائی تھی۔انہوں نے بتایا تھا کہ ہالی وڈ فارن پریس ایسوسی ایشن کے سابق صدر فلپ برک نے انہیں 2003 میں جنسی ہراساں کیا تھا۔اداکار کے مطابق اس واقعے نے انہیں اندر سے بیمار کردیا تھا اور وہ ڈپریشن کے شکار ہوگئے تھے جس کے باعث وہ عوام کی نظر سے غائب ہونے لگے ، جبکہ اس واقعے کے بعد ہالی وڈ نے انہیں بلیک لسٹ کردیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ پروڈیوسرز کی جانب سے انہیں نظرانداز کیا جانے لگا جس کے باعث وہ فلمی دنیا سے مکمل طور پر غائب ہوگئے۔پروفیشنل زندگی کے ساتھ ساتھ ان کی نجی زندگی بھی اس کے نتیجے میں متاثر ہوئی اور ان کی اہلیہ نے 2007 میں علیحدگی اختیار کرلی جبکہ مالی مشکلات کا سامنا بھی ہوا۔اب وہ ایک بار پھر فلمی دنیا میں واپس آرہے ہیں اور وہ دوبارہ دی ممی سیریز کی کسی نئی فلم کا حصہ بننے کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ٹام کروز کی فلم دی ممی اس لیے ناکام رہی کیونکہ اس میں تفریح کا عنصر موجود نہیں تھا جو ہماری فلموں میں موجود تھا۔